1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اجمل قصاب پر اقبال جرم کے لئے تشدد کیا گیا: وکیل صفائی

17 اپریل 2009

گذشتہ برس نومبر کے ممبئی حملوں میں مبینہ طور پر ملوث دس حملہ آوروں میں سے زندہ بچ جانے والے واحد پاکستانی ملزم اجمل قصاب کے خلاف مقدمے کی سماعت جمعہ کے روز ممبئی کی ایک خصوصی عدالت میں شروع ہو گئی۔

https://p.dw.com/p/HZKY
اجمل قصاب کے وکیل عباس کاظمی صحافیوں سے گفتگو کے دورانتصویر: Fotoagentur UNI

ممبئی میں جمعہ کومقدمے کی سماعت کے آغاز پر اجمل قصاب کے وکیل صفائی عباس کاظمی نے کہا کہ ملزم پردوران تفتیش پولیس کی طرف سے دباؤ ڈالا گیا تھا اور اسی لئے اس نے اقبال جرم بھی کرلیا تھا۔

اجمل قصاب کے اس نئے وکیل صفائی نے اولین سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مؤکل پر پولیس نے تشدد بھی کیا تھا جس کے نتیجے ہی میں وہ اقبال جرم پر مجبور ہو گیا تھا۔

اجمل قصاب کے اقبالی بیان کے بعد بھارت میں قانونی ماہرین کی رائے یہ تھی کہ ممبئی دہشت گردانہ حملوں کی عدالتی سماعت کافی حد تک ایک غیر پیچیدہ عمل ثابت ہو گا لیکن ملزم کے اپنے اقبالی بیان سے منحرف ہو جانے کے بعد اب اس امر کو بھی مرکزی اہمیت حاصل ہو گئی ہے کہ بھارتی پولیس اجمل قصاب کے بارے میں جو دعوے کررہی ہے، وہ کس حد تک قابل یقین ہیں۔

بھارت میں اس مقدمے میں اجمل قصاب کی کسی وکیل کے ذریعے عدالتی پیروی بذات خود اس لئے بحث کی وجہ بن گئی تھی کہ عباس کاظمی سے قبل ان کی وکیل انجلی واگھمارے کو مقرر کیا گیا تھا جنہیں بعد میں عدالت کو ہٹانا پڑ گیا تھا۔

جمعہ کے روز سماعت کے دوران اس مقدمے میں وکیل استغاثہ اُجول نکم نے مزید کوئی وضاحت کئے بغیر عدالت کو بتایا:’’ اس امر کے واضح ثبوت موجود ہیں کہ ممبئی میں دہشت گردانہ حملے ایک مجرمانہ کارروائی تھی اور اس کا مقصد بھارت کے خلاف جنگ کرتے ہوئے کشمیر پر قبضہ کرنا تھا۔‘‘

انھوں نے مزید کہا : ’’ اس حملہ کی منصوبہ بندی اور مشق پہلے سے کی گئی تھی اور اسے پاکستان کی پشت پناہی حاصل تھی۔‘‘

ممبئی پولیس کے مطابق اجمل قصاب ان حملہ آوروں میں شامل تھے جو پاکستان سے سمندر کے راستے بھارتی شہر ممبئی میں داخل ہوئے تھے۔ گذشتہ برس نومبر میں ان حملوں میں کئی غیر ملکیوں سمیت تقریبا 180 افراد ہلاک ہوئے تھے جس کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے باہمی تعلقات بھی ابھی تک کشیدہ ہیں۔

رپورٹ : میرا جمال

ادارت : مقبول ملک