1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ارجنٹائن اور امریکہ کے تعلقات میں تناؤ

15 فروری 2011

ارجنٹائن نے امریکہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ فوجی طیارے میں پہلے سے ظاہر نہ کیے گئے ہتھیاروں اور منشیات کی موجودگی سے متعلق تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہا۔

https://p.dw.com/p/10HD7

ارجنٹائن کی حکومت نے امریکی فضائیہ کے ایک طیارے سے منشیات اور ایسے ہتھیار برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے بارے میں پہلے سے وضاحت نہیں کی گئی تھی۔ یہ واقعہ گزشتہ ہفتے ارجنٹائن کے Ezeiza نامی ہوائی اڈے پر پیش آیا تھا۔

امریکہ کا موقف ہے کہ یہ سامان معمول کے مطابق اور ارجنٹائن کی وفاقی پولیس کی تربیت کے لیے تھا۔ اس حوالے سے بیونس آئرس حکام نے باقاعدہ طور پر امریکہ سے وضاحت طلب کر لی ہے۔

ارجنٹائن کے وزیر خارجہ ہیکٹور ٹیمرمین نے کہا ہے کہ امریکہ اس سلسلے میں مناسب شواہد فراہم نہیں کر رہا۔ ’’ انہیں وضاحت کرنا ہو گی، انہیں یہ سمجھنا ہوگا حکومت کو آگاہ کیے بغیر وہ یہاں سامان حرب نہیں بھیج سکتے، اور اب وہ تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے۔‘‘ دوسری طرف امریکی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ معمول کے اس سامان کے پکڑے جانے پر حیرت زدہ ہیں۔

Philip J. Crowley Sprecher US State Department
امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ معمول کا سامان تھا، پکڑے جانے پر حیرت ہوئیتصویر: cc-by-nd/Ralph Alswang

بیونس آئرس حکام کے مطابق امریکی فضائیہ کےC-17 طیارے کی جمعرات کو تلاشی لی گئی تھی۔ اس پر امریکی سکیورٹی ماہرین کا تربیتی عملہ اور متعلقہ سامان کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ تاہم اتوار کو حکومت کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا تھا کہ واشنگٹن سے شکایت کی جائے گی کہ اس کی فضائیہ نے ارجنٹائن کے قوانین کے برخلاف ’خفیہ طور پر حساس سامان‘ ارجنٹائن لانے کی کوشش کی۔ بیان کے مطابق پکڑے جانے والے سامان میں مورفین بھی شامل ہے۔

ادہر امریکی دفتر خارجہ کا موقف ہے کہ پکڑے جانے والے سامان میں بیٹریاں، مواصلات کے آلات، ادویات اور دیگر متعلقہ اشیاء شامل ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان فلپ کراؤلی نے ارجنٹائن کی سکیورٹی فورس کے اس تربیتی پروگرام کو منسوخ کرتے ہوئے ارجنٹائن سے مطالبہ کیا کہ وہ پکڑا گیا سامان واپس کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ باآسانی خوش اسلوبی سے حل کیا جاسکتا تھا اسے اچھالنے کی ضرورت نہیں تھی۔

ارجنٹائن اور امریکہ کے تعلقات میں گزشتہ کچھ عرصے سے سرد مہری بڑھی ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما اگلے ماہ چلی، برازیل اور السالواڈور کا دورہ کر رہے ہیں۔ ارجنٹائن کے وزیر خارجہ ٹیمرمین کا کہنا ہے کہ اوباما اس لیے ارجنٹائن نہیں آرہے ہیں کیونکہ یہاں انہیں امریکی اسلحے کی خریدار نہیں ملیں گے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں