1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ارجنٹائن ميں طيارے کا حادثہ

19 مئی 2011

ارجنٹائن ميں بدھ 18 مئی کو ايک چھوٹا مسافر بردار طيارہ ملک کے دوردراز کے پاتا گونيا علاقے ميں گر کر تباہ ہو گيا۔

https://p.dw.com/p/11JTF
ارجنٹائن کا نقشہ
ارجنٹائن کا نقشہ

ساب 340 ٹربو پراپ ساخت کے دو انجنوں والے اس پراپيلر طيارے کے 19 مسافروں اور عملے کے تين افراد ميں سے کوئی زندہ نہيں بچا۔

ايک چھوٹی مقامی ايرلائن سول کے مطابق اُس کے اس جہاز نے ايک ہنگامی پيغام بھيجا تھا، جس کے بعد کوئی اور پيغام موصول نہيں ہوا۔ جنوبی ارجنٹائن کے علاقے ريو نيگرو کے لاس مينوکوس ہسپتال کے ڈائريکٹر اسمٰعيل علی نے مقامی ٹيلی وژن کو بتايا کہ طيارے ميں سوار افراد ميں سے کوئی بھی زندہ نہيں بچا۔ انہوں نے کہا کہ طيارے کے جلے ہوئے حصے جائے حادثہ پر بکھرے پڑے ہيں اور ہر چيز آگ ميں جل کر تباہ ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاشيں بھی بہت بری طرح جلی ہوئی ہيں۔

بيونس آئرس کا ايک منظر
بيونس آئرس کا ايک منظرتصویر: Miriam M.

طيارے ميں 30 سے 36 مسافروں کی گنجائش تھی۔ حادثے کی جگہ ارجنٹائن کا اندرونی قصبہ پرا ہوانيو ہے جہاں بہت کم سڑکيں ہيں۔ سول ائر لائن کے ترجمان ہوراسيو فار نے اس کی تصديق کر دی ہے کہ طيارے ميں سوار کوئی فرد زندہ نہيں بچا ہے، ليکن ترجمان نے حادثے کی وجہ کے بارے ميں کچھ نہيں کہا۔ فضائی حکام نے بھی اس حادثے پر کوئی فوری تبصرہ نہيں کيا۔

ميڈيا کی خبروں ميں طيارے پر برف جم جانے اور تيکنيکی خرابی کا امکان ظاہر کيا گيا ہے۔ علاقے کے رہنے والوں نے رات کے وقت آسمان پر آگ دکھائی دينے اور اس کے بعد کئی زورداردھماکوں کی اطلاع دی ہے۔ حادثہ پرواز کے 42 منٹ بعد پيش آيا۔ مقامی ہسپتال کے ڈائريکٹر اسمٰعيل علی نے کہا کہ امدادی ٹيم نے طيارے ميں سوار تمام افراد کی لاشيں برآمد کر لی ہيں۔

لاس مينوکوس کے ميئر مابل ياہوار نے کہا کہ انہيں آسمان پر ايک دھماکے کی خبريں ملی تھيں۔ حادثے کا شکار ہونے والا جہاز ايک ايسے علاقے ميں گرا، جہاں آبادی نہيں ہے۔

رپورٹ: شہاب احمد صديقی

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں