1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اردن میں بلآخر شامی بچے اسکول جا سکیں گے

عاطف توقیر2 ستمبر 2016

جب سے انتصار غوزلان اپنے اہل خانہ کے ساتھ شام سے ہجرت کر کے اردن پہنچے، ان کے دو بیٹے اب تک اسکول نہیں جا سکے تھے، کیوں کہ وہاں اسکولوں میں مہاجر بچوں کے لیے گنجائش ہی نہیں تھی۔ مگر اب صورت حال بدل رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Jukf
Kinder Syrien Schule Bildung Libanon
تصویر: Amy Leang

گزشتہ کئی برس سے یہ بچے اردن میں مقیم ہیں اور اس دوران اسکولوں میں جگہ نہ ہونے کی وجہ سے ان بچوں کا داخلہ کسی اسکول میں نہ ہو سکا۔ 12 اور 14 برس کی عمر کے ان بچوں نے شامی اسکولوں میں جو کچھ سیکھا تھا، رفتہ رفتہ وہ بھی بھولتے جا رہے ہیں۔

اردن میں شامی مہاجرین کے ہم راہ 90 ہزار سے زائد بچے ہیں، تاہم گزشتہ برس بھی ان بچوں کو، لاکھوں شامی مہاجرین کو پناہ دینے والے دیگر ہمسایہ ممالک کی طرح، اسکولوں تک رسائی نہ مل پائی۔ شام میں گزشتہ پانچ برس سے جاری خانہ جنگی کی وجہ سے اس نسل کو ’’برباد نسل‘‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

تاہم اردن میں اب صورت حال کچھ بدلتی دکھائی دیتی ہے۔ بین الاقوامی فنڈنگ کے تناظر میں اردن کی جانب سے وعدہ کیا گیا ہے کہ وہ رواں ہفتے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سال کے لیے اسکولوں میں نئے کمرے بنا رہا ہے، جب کہ ہزاروں اساتذہ کو بھرتی کیا جا رہا ہے، تاکہ ان بچوں کی تعلیم کا سلسلہ پھر شروع ہو سکے۔

UNICEF Jahresbericht zur Lage von Kindern in Konfliktgebieten
لاکھوں شامی بچے کئی برسوں سے اسکول نہیں جا پا رہے ہیںتصویر: picture alliance/abaca

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال کے دفتر برائے اردن کے نمائندے رابرٹ جیکِنز کا کہنا ہے کہ بہت سے بچوں کے لیے ممکنہ طور پر یہ ایک طرح سے ’آخری موقع‘ ہو گا کہ وہ پڑھائی شروع کر سکیں۔ جیکِنز نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات چیت میں کہا، ’’اگر یہ بچے بہت زیادہ عرصے تک اسکولوں سے دور رہے، تو ایک وقت ایسا بھی آسکتا ہے، جب یہ ناممکن ہو جائے گا کہ ان بچوں کو دوبارہ تعلیم حاصل کرنے کے لیے آمادہ کیا جا سکے۔‘‘

بیک ٹو اسکول یا اسکول کو لوٹیے پروگرام کے تحت بچوں کو اسکول بھیجنے کا فائدہ انفرادی ہی نہیں بلکہ اردن کی مجموعی آبادی پر اس کے گہرے مثبت اثرات مرتب ہوں گے، جب کہ مستقبل میں شام کی تعمیر نو میں بھی تعلیم یافتہ شامی بچے اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔

جمعرات کو حسن الاحمد نے اپنی نو سالہ بیٹی عائشہ اور سات سالہ بیٹے محمد کو اردن کے دارالحکومت عمان کے شمال مشرق میں واقع شہر زرقا میں ایک اسکول میں پہلی جماعت میں داخل کرایا۔

سن 2014ء میں یہ خاندان شام سے اردن منتقل ہوا تھا، تاہم تب سے اب تک ان بچوں کا کسی بھی اسکول میں داخلہ ممکن نہ ہو پایا تھا، مگر اب یہ بچے اسکول میں داخل ہو گئے ہیں۔

30 سالہ احمد کا کہنا ہے کہ ان کی نگاہ میں اس وقت سب سے اہم شے یہی ہیں کہ ان کے بچے اسکول میں تعلیم حاصل کریں، ’’اگر میرے بچے اسکول نہ گئے، تو وہ زندگی میں کچھ بھی کرنے لائق نہیں ہوں گے۔‘‘