1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

 ارشد ‌خان برطانوی برانڈ کے لیے ماڈلنگ کریں گے

صائمہ حیدر
27 نومبر 2016

ہیش ٹیگ  چائے والا ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ اِس بار خبر گرم ہے کہ ارشد خان المعروف چائے والا جلد ہی ریمپ پر کپڑوں کے ایک  برطانوی برانڈ’ زِیگی مینز وئیر‘ کے شو اسٹاپر کے طور پر نظر آئیں  گے۔

https://p.dw.com/p/2TKXS
DW Shift Vom Teeverkäufer zum Model 1
سوشل میڈیا صارفین کو امید ہے کہ تصویر سے ملنے والی یہ شہرت ’چائے والا ‘ کو فلموں میں اداکاری تک لے جائے گیتصویر: Reuters

 پاکستانی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہونے والی تصویر سے بے پناہ شہرت پانے والے ارشد خان عرف چائے والا  کا اگلا قدم اب رن وے ماڈلنگ ہو گا۔ لاہور میں منعقد ہونے والے ’برائیڈل کوٹور ویک ‘ میں ارشد خان بطور مرکزی ماڈل جلوہ گر ہوں گے۔

ارشد خان کی سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے والی تصویر نے نہ صرف پاکستان بلکہ پڑوسی ملک بھارت میں بھی تہلکہ مچا دیا تھا۔ ہیش ٹیگ چائے والا استعمال کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بہت سے صارفین نے خان کی تصویر کو شیئر کیا تھا۔ بھارت کے اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے تصویر  کے بارے میں تحریر کیے اپنے مضمون میں لکھا،’’ اس نیلی آنکھوں والے چائے والے کو پاکستان کا جوہری ہتھیار کہا جا رہا ہے۔‘‘

 پاکستان اور انڈیا میں کئی سوشل میڈیا صارفین نے مزاح سے بھرپور اور دلچسپ ٹوئٹس کے ذریعے اس تصویر کو پاک بھارت تناؤ سے جوڑا۔ کئی افراد نے اسے بھارت کے وزیر اعظم سے بھی ملایا۔ نہ صرف پاکستانی میڈیا نے ارشد خان کے ساتھ مارننگ شوز کیے بلکہ بین الاقوامی ٹی وی چینلز نے بھی چائے والا کی تصویر اور کہانی پر رپورٹس چلائیں۔

 

اِس کے بعد ’سپر پاور موٹر سائیکل برانڈ‘ نے بھی خان کی تصاویر اپنی موٹر سائیکلز کی تصویروں کے ساتھ شائع کیں۔ یہی نہیں ارشد خان ایک ریٹیل ویب سائٹ کے ساتھ ماڈلنگ کا کانٹریکٹ بھی سائن کر چکے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کو امید ہے کہ تصویر سے ملنے والی یہ شہرت ’چائے والا ‘ کو فلموں میں اداکاری تک لے جائے گی۔