1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل میں جرمن صدر گاؤک کے لیے اعزازی ڈگری

عدنان اسحاق6 دسمبر 2015

جرمن صدر یوآخم گاؤک نے اپنے دورہ اسرائیل کے دوران اتوار کے دن اپنے اسرائیلی ہم منصب رووین ریولین اور وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کی ہے۔

https://p.dw.com/p/1HIEE
تصویر: picture-alliance/dpa/R. Jensen

جرمن صدر یوآخم گاؤک جرمنی اور اسرائیل کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی کے پچاس برس پورے ہونے کے تناظر میں اسرائیل کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس موقع پر آج اتوار کے روز جرمن صدر کو یروشلم کی ہیبریو یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹر کی اعزازی ڈگری بھی گئی۔ انہیں یہ ڈگری عالمی سطح پر نسل پرستی کے خلاف ان کی کوششوں کے اعتراف میں دی گئی ہے۔ اس موقع سے گاؤک نے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’ میری خواہش ہے کہ یہودی اور فلسطینی آپس کے معاملات میں امن تلاش کر لیں۔‘‘

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ بات چیت میں یوآخم گاؤک نے کہا کہ برلن حکومت چاہتی ہے کہ امن مذاکرات میں تعطّل ختم ہو اور اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ علاقوں پر یہودی بستیوں کی تعمیر کے سلسلے کو روکا جائے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اس ملاقات میں یورپی کمیشن کی جانب سے مقبوضہ علاقوں میں تیار کی جانے والی اشیاء پر لیبلنگ کو لازمی قرار دینے کا معاملہ بھی زیر غور آیا یا نہیں۔ نیتن یاہو نے اپنے ایک بیان میں یورپی کمیشن کے اس فیصلے کو اسرائیلی اشیاء کا بائیکاٹ قرار دیا تھا۔

Gauck in Israel
تصویر: picture-alliance/dpa/R. Jensen

اسرائیلی صدر رووین ریولین اور وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے ہونے والی ملاقاتوں میں خطے میں شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ کا بڑھتا ہوا اثر و رسوخ اور مشرق وسطٰی امن بات چیت تھا۔ گاؤک کے بقول جرمنی اور اسرائیل تناؤ اور بے چین حالات میں اپنے سفارتی تعلقات کی گولڈن جوبلی منا رہے ہیں۔ اسرائیل پہنچنے پر رووین ریولین نے اپنے مہمان کا استقبال کیا اور اس موقع پر دونوں صدور ایک دوسرے سے بغلگیر بھی ہوئے۔

اس موقع پر روولین نے نازیوں کی جانب سے یہودیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہولوکاسٹ کے بعد جرمنی اور اسرائیل کے تعلقات پیچیدہ اور مشکل ہو گئے تھے۔ تاہم ایک دوسرے کے ساتھ تعاون پر آمادگی نے تعلقات کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مشرق وسطی کے دورے پر گئے ہوئے جرمن صدر آج اتوار کی شام اسرائیل سے اردن روانہ ہو جائیں گے۔