1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستاسرائیل

اسرائیل نے غزہ کی سرحد پر ’آہنی دیوار‘ مکمل کر لی

8 دسمبر 2021

اسرائیل کا کہنا ہے کہ سرحد پر تعمیر کردہ اعلیٰ تکنیکی سینسرز سے لیس دیوار زیر زمین تک پھیلی ہوئی ہے۔ یہ ’آہنی دیوار‘ حماس کے جنگجوؤں کو اسرائیلی علاقے میں داخل ہونے کے لیے سرنگوں کا استعمال کرنے سے بھی روکے گی۔

https://p.dw.com/p/43yXo
Konflikt im Gaza-Streifen
تصویر: Tsafrir Abayov/AP/picture alliance

اسرائیل نے سات دسمبر منگل کے روز اپنی سرحد کے ساتھ محصور غزہ کی پٹی کے آس پاس ایک بہتر حفاظتی رکاوٹ کو مکمل کرنے کا اعلان کیا۔ یہ نئی آہنی دیوار جدید سینسرز سے لیس ہونے کے ساتھ ساتھ زیر زمین پھیلی ہوئی ہے تاکہ عسکریت پسندوں کو سرنگوں کے استعمال سے بھی باز رکھا جا سکے۔

اس دیوار کے ساتھ زمین کے اوپر موجود باڑ، بحری رکاوٹ، ریڈار سسٹم، اور کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے نظام کو مزید بہتر کیا گيا ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع بینی گانٹز کا کہنا ہے کہ یہ نئی آہنی دیوار، ’’اسرائیلی شہریوں میں تحفظ کا احساس پیدا کرے گی۔‘‘

اس کی تعمیر میں تقریباً سوا دو لاکھ ٹرک کنکریٹ اور تقریبا ڈیڑھ لاکھ  ٹن لوہا اور اسٹیل استعمال کیا گیا ہے۔ بینی گانٹز کا کہنا ہے کہ یہ ’’آہنی دیوار‘‘  65 کلومیٹر تک پھیلی ہوئی ہے جو، ’’شدت پسند تنظیم اور جنوبی اسرائیل میں رہنے والوں کے درمیان رکاوٹ کا کام کرے گی۔‘‘

اسرائیل حماس کو روکنا چاہتا ہے

اسرائیلی وزارت دفاع نے تاہم یہ تفصیلات نہیں بتائیں کہ آخر یہ آہنی دیوار زیر زمین کتنی گہری ہے۔ فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے حملوں کو روکنے کے لیے پہلی بار سن 2016 میں اس رکاوٹ اور دیوار کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان کیا گیا تھا۔

Konflikt im Gaza-Streifen
تصویر: Tsafrir Abayov/AP/picture alliance

اسرائیل، یورپی یونین اور امریکا جیسے مغربی ممالک حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہیں، جو غزہ کے علاقے میں نہ صرف مقبول ہے بلکہ انتخابات میں بھی کامیاب ہوتی ہے۔

حماس نے سن 2007 کے انتخابات میں کامیابی کے بعد غزہ کا اقتدار حاصل کیا تھا تب سے اس گروپ کے ساتھ اسرائیل نے چار جنگیں لڑی ہیں۔ اس میں سے حالیہ جنگ اسی برس مئی میں ہوئی تھی۔

لڑائی کے دوران حماس نے سرنگ کے ذریعے جنگجوؤں کو اسرائیل میں داخل کرانے کی کوشش کی تاہم وہ اس میں ناکام رہی تھی۔

حماس کو سن 2014 میں لڑائی کے دوران زیادہ کامیابی ملی تھی جب اس کے جنگجو کئی بار اسرائیلی علاقے میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

غزہ کا محاصرہ

اسرائیل اور مصر اس علاقے کے اندر آنے اور وہاں سے باہر جانے  والے سامان اور لوگوں کو سختی سے کنٹرول کرتی ہے اور ان کی نگرانی کرتے ہیں۔ عالمی امدادی تنظیموں کا کہنا ہے کہ غزہ میں بسنے والے تقریباً 20 لاکھ لوگ اس ناکہ بندی کی وجہ سے انتہائی خراب حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

اس ناکہ بندی کو ختم کرانے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کے لیے حماس نے سن 2018 اور  سن 2019 میں سرحد کے آس پاس بڑے پیمانے پر مظاہروں کا بھی اہتمام کیا تھا۔ ان پر تشدد مظاہروں کے دوران 200 سے زائد فلسطینی جبکہ ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوا تھا اور ہزاروں فلسطینی بھی زخمی ہو گئے تھے۔

ص ز/  ع آ (اے ایف پی، ڈی پی اے، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں