1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اسلامک اسٹیٹ‘ کے مقید جنگجُو شیعہ ملیشیا کے ہاتھوں قتل

عابد حسین
18 دسمبر 2016

انسانی حقوق کے ایک ادارے نے موصل کی جنگ میں شیعہ ملیشیا پر داعش کے جنگجووں کو قید میں ہلاک کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ دوسری جانب عراقی وزیراعظم نے شیعہ ملیشیا کے دامن کو ماورائے قانون ہلاکتوں سے صاف قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2UTXi
Irak Mossul - Popular Mobilization Forces (PMF) während Operationen gegen IS
تصویر: Reuters/Stringer

عراقی حکومت کی حامی نیم فوجی دستوں پر مشتمل شیعہ ملیشیا پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اُس نے شام و عراق میں پسپا ہوتی جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے چار قیدیوں کو گولیاں مار کر  ہلاک کیا ہے۔ یہ الزام انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں عائد کیا ہے۔

امریکی شہر نیویارک میں قائم انسانی حقوق کے ادارے ایچ آر ایچ کی خصوصی رپورٹ کے مطابق موصل کی لڑائی کے دوران گرفتار کیے گئے ان قیدیوں کو حکومت نواز  ہاشد الجبور ملیشیا  کے کارکنوں نے گولیاں ماری تھیں۔ انسانی حقوق کے ادارے نے ان ہلاکتوں کی تصدیق گاؤں سے تعلق رکھنے والے چند رہائشیوں  کے بیانات کی روشنی میں کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے قیدیوں کی ہلاکت کا واقع انتیس نومبر کو پیش آیا تھا۔ ان  مقید جنگجوؤں  کو موصل شہر سے ستر کلومیٹر کی دوری پر واقع ایک گاؤں شائلات الامام کے قریب ہلاک کیا گیا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ ایک قیدی کو ہلاک کرتے وقت عراقی فوجی بھی موجود تھے لیکن انہوں نے شیعہ ملیشیا کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔

Iran Konferenz Hashd Al Shaabi
عراق میں حکومت نواز ملیشیا کے جنگجوتصویر: Mehr

ہیومن رائٹس واچ کے مشرقی وسطیٰ شعبے کے نائب ڈائریکٹر لامہ فقیہہ کا کہنا ہے کہ عراقی حکومت کو اپنی حامی شیعہ ملیشیا کو کنٹرول کرتے ہوئے واضح کر دینا چاہیے کو وہ ماورائے قانون ہلاکتوں کو اپنی عسکری کارروائیوں کا حصہ مت بنائے اور اُس کو قیدیوں کو ہلاک کرنے کی کھلی چھٹی نہیں دینی چاہیے۔ فقیہہ کے مطابق ایسی خلاف ورزیاں کسی بھی طور درست اور جائز قرار نہیں دی جا سکتیں۔

دوسری جانب عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے ہفتہ ، سترہ دسمبر کے روز ملکی ٹیلی وژن پر واضح کیا کہ انہیں موصل کی لڑائی کے دوران شیعہ ملیشیا ہاشد الجبور کے بارے میں کسی قسم کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔ العبادی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ موصل کی لڑائی میں ملیشیا کا دامن ماورائے قانون ہلاکتوں سے صاف ہے اور اُس کا مجموعی رویہ مثبت اور انتہائی مناسب ہے۔