1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلام آباد میں شمالی کوریائی سفارت کار کے گھر چوری

بینش جاوید، روئٹرز
8 نومبر 2017

اسلام آباد میں شمالی کوریا کے سفارت کار کے گھر سے گزشتہ ماہ ’پولیس اہلکاروں‘ نے لاکھوں روپے کی شراب چوری کر لی تھی۔ ایک اندازے کے مطابق غیر قانونی مارکیٹ میں اس چوری شدہ شراب کی کل مالیت ڈیڑھ لاکھ ڈالر بنتی ہے۔

https://p.dw.com/p/2nHQp
Veron Vinitaly Wein Ausstellung
تصویر: Getty Images/AFP/V. Pinto

نیوز ایجنسی روئٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق پچھلے ماہ تین اکتوبر کو چور شمالی کوریائی سفارت کار ہیون چی یونگ کے گھر تین کاروں اور ایک منی ٹرک کے ساتھ آئے اور  تین گھنٹے کے دوران اس کے گھر سے شراب کی ہزاروں بوتلوں کو چوری کر لیا۔ پولیس کے مطابق بہت سا چوری شدہ مال برآمد کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس ڈکیتی میں گھر کے ملازم سمیت تین پولیس اہلکار بھی ملوث تھے۔ پولیس کے سینیئر اہلکاروں اور کچھ کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ ایک سفارت کار کے گھر میں اتنی زیادہ تعداد میں شراب ہونا ظاہر کرتا ہے کہ کہ پاکستان میں تعینات کچھ شمالی کوریائی سفارت کار شراب کی فروخت سے یا تو خود پیسے حاصل کر رہے ہیں یا پھر وہ یہ رقم اقتصادی پابندیوں کی شکار پیونگ یانگ کی حکومت کو فراہم کر رہے ہیں۔

 اس کیس کی تحقیقات کرنے والے ایک پولیس اہلکار کا کہنا ہے،’’ یہ سفارت کار شراب فروخت کرنے کا کام کر رہا تھا۔‘‘ اس پولیس اہلکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ کئی سال سے پاکستان میں تعینات شمالی کوریا کے سفارت کار اس کام میں ملوث ہیں۔ تاہم اس شخص نے اس حوالے سے روئٹرز کو کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے۔

West Bank Brauerei in Taybeh
اس سال جنوبی کوریا اور امریکی سفارت خانے نے اسلام آباد سے شمالی کوریا کے مشن کے بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر شکایت کی تھیتصویر: picture-alliance/NurPhoto/M. Alhaj

اس کیس کے ایک اور تحقیقاتی افسر اشتیاق حسین نے روئٹرز کو بتایا،’’ ہیون کے گھر کے ملازم، بوٹا مسیح کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔‘‘ پولیس اس کیس میں ملوث ہونے کے شک کی بنا پر ایک پولیس اہلکار محمد آصف کی تلاش میں ہے۔ اس پولیس اہلکار نے روئٹرز سے گفتگو میں کہا کہ وہ اس چوری میں ملوث نہیں ہے۔ اس پولیس اہلکار نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ شمالی کوریائی سفارت کار پاکستان میں شراب کی اسمگلنگ کا کام کافی عرصے سے کر رہے تھے۔

 اسلام آباد میں تعینات کچھ غیر ملکی سفیروں کا بھی کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے سفارت کار عرصہ دراز سے اسلام آباد میں شراب کی غیر قانونی خرید و فروخت کر رہے ہیں۔ کچھ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ان کے غیر قانونی کاموں کو اس لیے بھی نظر اندز کر رہا ہے کیوں کہ پاکستانی سائنسدان عبدالقدیر خان نے شمالی کوریا کو جوہری ہتھیار بنانے کے لیے خفیہ معلومات دی تھیں۔ تاہم پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل کا کہنا ہے،’’ پاکستان اس کیس کی تحقیقات کر رہا ہے اور جرم ثابت ہونے کی صورت میں قومی اور بین الاقوامی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔‘‘ محمد فیصل نے کہا کہ اسلام آباد کسی طور پر اس قسم کی غیر قانونی کاروائی کی اجازت نہیں دیتا ۔

اس سال جنوبی کوریا اور امریکی سفارت خانے نے اسلام آباد سے شمالی کوریا کے مشن کے بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر شکایت کی تھی۔ روئٹرز نے سیول میں موجود ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسلام آباد اور کراچی میں شمالی کوریا کے بارہ سے چودہ سفارت کار تعینات ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کچھ غیر ملکی سفارت کار سوال کر رہے ہیں کہ شمالی کوریا کو کیوں پاکستان میں اتنے زیادہ سفارت کاروں کی ضرورت ہے جبکہ پاکستان اور شمالی کوریا کے درمیان تجارت بھی نہیں ہو رہی۔

Pakistan Abdul Qadeer Khan Vater der pakistanischen Atombombe
الزام عائد کیا جاتا ہے کہ پاکستانی سائنسدان عبدالقدیر خان نے شمالی کوریا کو جوہری ہتھیار بنانے کے لیے خفیہ معلومات دی تھیںتصویر: Reuters

ہیون نے پولیس کو درج رپورٹ میں بتایا ہے کہ اس کے گھر سے چوروں نے بارہ سو بوتلیں جونی واکر بلیک وسکی، دو سو کیسز وائن ، بیئر کے ساٹھ کارٹن، ٹکیلا کی ایک درجن بوتلیں، دو ہیرے اور تین ہراز ڈالر چوری کیے۔ ایک اندازے کے مطابق بلیک مارکیٹ میں صرف وسکی ہی 96 ہزار ڈالر کی فروخت ہو سکتی ہے۔  ضوابط کےمطابق ہیون کو ہر تین ماہ کے بعد ملک میں شراب لانے کی اجازت ہے۔ ان ضوابط کے تحت وہ لگ بھگ   240 لیٹر بیئر  اور 18 لیٹر وائن پاکستان  لا سکتا ہے جو کہ اس کے گھر سے ملنی والی شراب کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔