1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلام میں حضرت عیسیٰ اور حضرت مریم کا مرتبہ

افسر اعوان3 جنوری 2009

اسلام دنیا کا واحد مذہب ہےجس میں حضرت عیسیٰ کی تعظیم محض انسانی بنیادوں پر نہیں کی جاتی بلکہ ان کو اللہ کا رسول تسلیم کرنا مسمانوں کے ایمان کا حصہ ہے۔

https://p.dw.com/p/GQ2s
عیسائیت اور اسلام کے درمیان ایک بڑی قدر مشترک یہ ہے کہ دونوں مذاہب میں حضرت عیسٰی اور حضرت مریم کی شخصیات کو ایک خصوصی مقام، مرتبہ اور فضیلت حاصل ہےتصویر: AP Graphic / DW-Fotomontage

اسلام میں حضرت عیسٰی کا نام صرف عیسٰی یا Jesus لینا بے ادبی سمجھا جاتا ہے۔ اللہ کے تمام پیغمبروں کی طرح ان کے نام کے ساتھ بھی علیہ اسلام بولا اور لکھا جاتا ہے جس کا مطلب ہے کہ ان پر اللہ کی سلامتی ہو۔

Symbolbild Kreuz
تصویر: AP

قرآن پاک میں حضرت عیسٰی کا نام 25 مرتبہ آیا ہے جبکہ پیغمبر اسلام کوان کے نام محمد سے صرف پانچ مرتبہ مخاطب کیا گیا ہے۔

حضرت عیسٰی کی والدہ حضرت مریم کا ذکر مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن میں 34 مرتبہ موجود ہے۔

حضرت عیسٰی کی والدہ حضرت مریم کے نام پر قرآن پاک کے 16ویں پارے میں "سورہ مریم" موجود ہے جو کہ ترتیب کے لحاظ سے قرآن پاک کی 19ویں سورہ ہے۔

BdT Eröffnung der Moschee in Duisburg
جرمن شہر ڈوئسبرگ میں حال ہی میں تعمیر کی گئی اس مسجد میں مسلمان نماز ادا کرتے ہوئےتصویر: AP

مسلمانوں کا یہ عقیدہ ہےکہ حضرت عیسٰی حضرت مریم المقدسہ کےبطن سے ایک معجزے کے طور پربغیرباپ کے پیدا ہوئے۔ ان کی پیدائش عام انسانوں کے برعکس حضرت آدم کی طرح معجزانہ طور پرہوئی جوکہ اللہ کی طرف سے پہلے انسان تھےاور بغیر ماں باپ کے تخلیق کئے گئے تھے۔

حضرت مریم کے حوالے سےقرآن پاک میں سورہ آل عمران پارہ نمبر 3 کی آیت نمبر 47 اور 48 میں آتا ہے: ’’مریم نے کہا اے میرے رب! مجھے بیٹا کیسے ہو گا حالانکہ مجھے کسی آدمی نے ہاتھ نہیں لگایا فرمایا اسی طرح الله جو چاہے پیدا کرتا ہےجب کسی کام کا ارادہ کرتا ہے تو اس کو یہی کہتا ہے کہ ہوجا تو وہ ہو جاتا ہے (47) اور اس کو کتاب سکھائے گا اور دانش عطا فرمائے گا اور توریت اور انجیل (48)"

Katholische Kirche Symbolbild Kreuz
تصویر: dpa - Bildarchiv

اسلام کی طرح مسیحیوں کا بھی یہ عقیدہ ہےکہ اللہ تعالٰی نےحضرت عیسٰی کو حضرت ‍ مریم کے بطن سے بغیر باپ کے معجزانہ طور پر پیدا کیا ۔ بائبل میتھیو کے باب نمبر ایک میں درج ہے کہ حضرت مریم کی شادی یوسف سے کردی گئی تھی تاہم یوسف نے حضرت مریم کو کنواری ہی رہنے دیا جب تک کہ انہوں نے ایک بیٹے کو جنم نہیں دیا۔

اسلام میں حضرت عیسٰی اور حضرت مریم کا کیا مقام اور مرتبہ ہے؟ اس حوالے پاکستان کے معروف اسکالر خالد ظہیر نے بتایا کہ کوئی بھی شحض تب تک مسلمان ہو ہی نہیں سکتا جب تک کہ وہ یہ تسلیم نہ کرے کہ حضرت عیسیٰ اللہ کے بھیجے ہوئے پیغمبر ہیں۔ ’’ حضرت عیسیٰ کو پیغمبر مانے کے بغیر کوئی شخص مسلمان ہی نہیں ہوسکتا ہے۔‘‘

مسیحیت کی مقدس ترین ہستیوں حضرت عیسٰی اور حضرت مریم کا اسلام میں کیا مقام اورفضیلت ہے۔ اس بارے میں سینٹ اینڈریوز چرچ کے پاسٹر ارنیسٹ ندیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسٰی کو اسلام میں بھی اللہ کا ایسا رسول مانا جاتا ہے جس کو اللہ نے اپنے خاص کلمے سے پیدا فرمایا۔

واقعات،حالات اور درپیش مسائل کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے گویا ہماری دنیا مذاہب کے درمیان تصادم جیسے حالات کی طرف بڑھ رہی ہو۔دنیا کے دونوں بڑے مذاہب عیسائیت اور اسلام کے درمیان ایک بڑی قدر مشترک یہ ہے کہ دونوں میں حضرت عیسٰی اور حضرت مریم کی شخصیات کو ایک خصوصی مقام، مرتبہ اور فضیلت حاصل ہے۔ ایسے میں مذاہب کے مابین مکالمے کی کیا اہمیت ہے اس پر بات کرتے ہوئے خالد ظہیر نے صلح جوئی کی ضرورت پر زور دیا۔