1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسٹار وارز کی ’پرنسس لِیا‘ کیری فشر انتقال کر گئیں

عابد حسین
28 دسمبر 2016

کیری فشر بیک وقت اداکارہ، بیسٹ سیلنگ مصنفہ اور فلموں کی اسکرین رائٹر تھیں۔ ان کی رحلت ساٹھ برس کی عمر میں ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2Uww7
Schauspielerin Carrie Fisher - Prinzessin Leia 1977
تصویر: picture alliance / Captital Pictures

ہالی ووڈ فلمی صنعت کی مشہور فلم سیریز ’اسٹار وارز‘ کی ’پرنسس لِیا‘ دل کا دورہ پڑنے کے بعد رحلت پا گئی ہیں۔ انہیں گزشتہ روز منگل کو ہارٹ اٹیک کے بعد ہسپتال پہنچایا گیا تھا۔ وہ ہالی ووڈ فلمی صنعت کی اشرافیہ کا حصہ تصور کی جاتی تھیں۔ ان کو اداکاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھی اور عام زندگی میں بھی انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔

اکتوبر سن 1956 میں اداکارہ ڈیبی رینالڈز اور گلوکار ایڈی فشر کے ہاں پیدا ہونے والی لڑکی بعد میں اپنی ماں کے نقشِ قدم پر چلتی ہوئی ایک باکمال اداکارہ ہونے کے ساتھ کئی مشہور ناولوں کی مصنفہ اور اہم فلموں کی اسکرین رائٹر بھی تھیں۔ اس کے علاوہ بھی وہ ہالی ووڈ کے کئی اہم سماجی معاملات کا حصہ بھی تصور کی جاتی تھیں۔

وہ منگل، ستائیس دسمبر کے روز لندن سے واپس لاس اینجلس پہنچنے والی تھیں کہ ہوائی جہاز کی لینڈنگ سے پندرہ منٹ قبل انہیں ہارٹ اٹیک ہو گیا۔ ایئر پورٹ پر طبی امداد ناکافی ہونے کی وجہ سے اُن کی تکلیف شدت اختیار کر گئی۔ انہیں ہسپتال ضرور پہنچایا گیا لیکن اگلے چند گھنٹوں بعد وہ ہسپتال میں دم توڑ گئیں۔ کیری فشر لندن اپنی یادداشتوں کے مجموعے ’دی پرنسس ڈائرسٹ‘ کی تقریب ِ رونمائی اور پروموشن کے لیے آئی تھیں۔

Schauspielerin Carrie Fisher
کیری فشر ہارٹ اٹیک کے بعد سنبھل نہیں پائی تھیںتصویر: picture alliance/PA Wire/I. West

کیری فشر  نے ’اسٹار وارز‘ کی پہلی فلم ہی سے شہرت حاصل کر لی تھی۔ ایک عام سی لڑکی نے سائنس فکشن فلم میں اداکاری کے ایسے جوہر دکھائے کہ ہر طرف سے واہ واہ ہونے لگی اور لاس اینجلس کی غیر معروف کیری فشر انٹرنیشنل شہرت کی حامل اداکارہ بن گئیں۔

 وہ اکیس برس کی تھیں جب سن 1977 میں ’اسٹار وارز‘ سیریز کی پہلی فلم میں انہوں نے ’پرنسس لِیا‘ کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم میں سفید لباس میں ملبوس ایک باغی شہزادی کا کردار اُن پر خوب جچا تھا۔ انہوں نے فلم کے خوفناک ولن ڈارتھ ویڈر سے قطعاً خوفزدہ نہ ہونےکی زوردار پرفارمنس دی تھی۔

 چھ برس بعد ’اسٹار وارز‘ سیریز کی فلم ’ریٹرن آف جیڈائی‘ میں وہ دھات کی بکنی پہنے ہوئے ایک سیکس سمبل کے طور پر جلوہ گر ہوئیں۔ اِس فلم میں بھی اُن کا کردار کسی نازک مزاج حسینہ کا نہیں تھا بلکہ ایک سخت مزاج ہیروئن کا تھا جو بدقماش فطرت کے ایک جیلر جابا دی ہُوٹ کی جبری غلام ہوتی ہے اور پھر ایک دن ہمت کر کے اُس کے گلے میں زنجیر ڈال کر اُس کا گلہ گھونٹ دیتی ہے۔ انہوں نے سن 2015 میں ریلیز ہونے والی ’اسٹار وارز‘ سلسلے کی فلم ’دی فورس اویکن‘ میں بھی اداکاری کے جوہری دکھائے تھے۔