1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسٹراؤس کاہن باعزت بری، مقدمہ ختم

24 اگست 2011

سابق آئی ایم ایف سربراہ اسٹراؤس کاہن کے خلاف نیویارک کی ایک ہوٹل ملازمہ کی جانب سے جنسی حملے کے الزامات کے تحت چلایا جانے والا مقدمہ منگل کے روز ختم کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12MgE
تصویر: dapd

عدالت نے اپنے حکم نامے میں اس واقعے کو باہمی رضامندی سے پیش آنے والا جنسی ملاپ قرار دیتے ہوئے، جنسی حملے کے الزام کو رد کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی اسٹراؤس کاہن کو باعزت بری کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گیے ہیں۔ پیر کے روز دفتر استغاثہ کی جانب سے عدالت سے سفارش کی گئی تھی کہ اس مقدمے کو ختم کر دیا جائے۔ اس سفارش کی وجہ مقدمے کی مدعی ہوٹل کی 32 سالہ ملازمہ  نفیسہ تو ڈیالو کے بیانات میں تضاد اور سائنسی بنیادوں پر جمع کیے جانے والے شواہد سے اس بات کا سامنے آنا تھا کہ اسٹراؤس کاہن اور نفیسہ تو ڈیالو کے درمیان سیکس باہمی رضامندی سے ہوا تھا نہ کہ زبردستی۔

منگل کے روز مقدمے کی سماعت کرنے والے جج Michael Obus نے استغاثہ کی اس درخواست کو نمٹانے میں محض چند منٹ ہی لیے اور مقدمہ ختم کرنے کا حکم سنا دیا۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ ہوٹل ملازمہ کی طرف سے الزامات مسلسل جھوٹ پر مبنی تھے اور وہ اس واقعے کی سچائی ثابت کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

Freilassung von Dominique Strauss-Kahn in New-York Flash-Galerie
اسٹراؤس کاہن اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میںتصویر: dapd

بری ہونے کے بعد 62 سالہ اسٹراؤس کاہن خاصے مطمئن دکھائی دہے رہے تھے اور عمارت سے نکلتے ہوئے ان کی ارب پتی فرانسیسی بیوی Anne Sinclair بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ Anne Sinclair مئی سے شروع ہونے والے اس مقدمے اور اسٹراؤس کاہن کی گرفتاری کے بعد سے ہمہ وقت ان کے ساتھ رہی ہیں۔

اسٹراؤس کاہن نے نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں اپنی عارضی رہائش گاہ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے غیر منصفانہ اور بھیانک الزام کا خاتمہ ہوگیا۔

’’میں فوری طور پر اپنے ملک واپس جانا چاہتا ہوں مگر ابھی کچھ معمولی چیزیں ایسی ہیں، جنہیں جانے سے پہلے کرنا پڑے گا۔ میں فرانس میں اب خود کو زیادہ بہتر طور پر پیش کر سکوں گا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ وہ ساتھ دینے پر اپنی بیوی اور بچوں کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے اپنے ان تمام احباب کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس تمام عرصے میں انہیں خطوط اور ای میلز کے ذریعے اپنے ساتھ کا یقین دلایا۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں