1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپاٹ فکسنگ، عدالتی فیصلہ بٹ اور آصف کے خلاف

1 نومبر 2011

پاکستانی کرکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف کو منگل کو ایک برطانوی عدالت نے گزشتہ برس انگلینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ میں اسپاٹ فکسنگ کے الزامات میں قصور وار قرار دے دیا۔

https://p.dw.com/p/1336A
تصویر: AP

خبر ایجنسی اے پی کے مطابق پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ اور اٹیک بولر محمد آصف کو برطانوی دارالحکومت لندن میں ساؤتھ آرک کراؤن کورٹ کی طرف سے مجرم قرار دیا گیا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق ان دونوں کھلاڑیوں کے خلاف یہ الزامات ثابت ہو گئے کہ انہوں نے اپنی ٹیم کے دورہء انگلینڈ کے دوران پچھلے سال ایک ٹیسٹ میچ کو جزوی طور پر فکس کرنے کی کوشش کی تھی۔ سلمان بٹ اور محمد آصف پر لگائے گئے الزامات کو ’دھوکہ دہی کے لیے سازش‘ کا نام دیا گیا تھا۔

مقدمے میں جیوری نے اپنا فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ سلمان بٹ اس الزام کے تحت بھی قصور وار ہیں کہ انہوں نے بدعنوانی کرتے ہوئے مالی ادائیگیاں وصول کرنے کی سازش کی۔ تاہم اسی الزام میں جیوری کے ارکان فاسٹ بولر محمد آصف کے بارے میں کسی فیصلے تک نہ پہنچ سکے کہ آیا انہوں نے بھی ایسا ہی کیا تھا۔

Flash-Galerie Pakistan Sport Cricket Mohammad Amir
تصویر: AP

گزشتہ برس اگست میں لارڈز ٹیسٹ کے دوران جان بوجھ کر اور پہلے سے طے کردہ نو بالز کرانے سے متعلق اسپاٹ فکسنگ کے اس مقدمے میں عدالت نے ابھی ان دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کو سزا نہیں سنائی۔ سلمان بٹ کو سات سال تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے یا جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔

فیصلے کے مطابق بٹ اور آصف کو سنائی جانے والی سزا کا اعلان آئندہ چند روز میں لیکن اسی ہفتے کر دیا جائے گا۔ دونوں کھلاڑیوں پر بین الاقوامی کرکٹ کونسل آئی سی سی کی طرف سے پہلے ہی پانچ پانچ سال کے لیے کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگائی جا چکی ہے۔

استغاثہ کے مطابق بٹ اور آصف نے مجید نامی ایک ایجنٹ اور نوجوان پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کے ساتھ مل کر یہ سازش تیار کی تھی کہ لارڈز ٹیسٹ میں تین دانستہ نو بالز کرائی جانا تھیں، جن کے عرض کھلاڑیوں کو بہت بڑی رقوم کی ادائیگی کے وعدے کیے گئے تھے۔

Kombo Pakistan Cricket Korruption Salman Butt Mohammad Asif und Mohammad Amir
تصویر: AP

اسی دوران پاکستان کے شہر لاہور سے ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ منگل کے روز سلمان بٹ کے لندن میں اسپاٹ فکسنگ کے الزامات میں مجرم قرار دیے جانے سے قریب آدھ گھنٹہ پہلے سلمان بٹ کی اہلیہ نے ایک بچے کو جنم دیا۔ ستائیس سالہ سلمان بٹ کے والد ذوالفقار بٹ نے خبر ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ نومولود بچہ سلمان بٹ کا پہلا بیٹا ہے، جس سے پہلے ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔

لندن سے ملنے والی تازہ رپورٹوں کے مطابق اس مقدمے میں 19 سالہ محمد عامر نے ستمبر میں یہ اعتراف کر لیا تھا کہ وہ گزشتہ برس اسپاٹ فکسنگ کا مرتکب ہوا تھا۔ عامر کے اس اعترافی بیان سے متعلق میڈیا کو رپورٹنگ کی اجازت قانونی وجوہات کی بنا پر سلمان بٹ اور محمد آصف کو مجرم قرار دیے جانے کے بعد ملی۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں