1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اعصاب شکن مقابلے کے بعد انگلینڈاور بھارت کا مقابلہ برابر

27 فروری 2011

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے اہم معرکے میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد میچ کا نتیجہ برابری کی صورت میں نکلا۔ یہ مقابلہ آخری اوور کی آخری گیند تک گیا۔

https://p.dw.com/p/10QCx
تصویر: AP

بھارت کے 338 رنز کے جواب میں انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 338 رنز بنائے۔ آخری لمحات میں ظہیر خان کی باؤلنگ کے سبب انگلش ٹیم کھیل پر کنٹرول کھوچکی تھی تاہم 49ویں اوور میں لگائے گئے دو چھکوں نے مقابلے میں پھر جان پیدا کردی۔

انگلش کپتان اینڈریو سٹراؤس نے بھارتی باؤلنگ لائن کا ڈٹ کر مقابلہ کرکے اپنی سنچری سکور کی۔ انہوں نے 145 گیندوں پر 158 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور بھارتی ٹیم کو شدید دباؤ میں رکھا۔ وہ 43 ویں اوور میں ظہیر خان کی ان سوئنگنگ یارکر کا نشانہ بنے اور ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ان کے ساتھ 170 رنز کی شراکت قائم کرنے والے ای این بیل بھی 69 کے انفرادی سکور پر ظہیر ہی کا نشانہ بنے۔

ظہیر نے یکے بعد دیگرے تین انگلش بلے بازوں کو آؤٹ کرکے بھارت کی دم توڑتی امیدوں کو زندہ کیا۔ انگلینڈ کے آؤٹ ہونے والے دیگرکھلاڑیوں میں اوپنر کیون پیٹرسن نے 22 گیندوں پر 31 رنز بنائے جبکہ جوناتھن ٹروٹ 16 رنز بناسکے۔

اس سے قبل بھارت نے بلے بازی کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 338 رنز بنائے۔ بھارتی دستے کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کے قریب تمام ہی بلے بازوں نے انگلش باؤلنگ پر باآسانی رنز سمیٹے۔ ریکارڈ ساز سچن تندولکر سب سے نمایاں رہے جنہوں نے سینچری مکمل کی اور 120 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ یہ ان کی ون ڈے کیریئر کی 46ویں سینچری ہے۔ انہوں نے 115 گیندوں کا سامنا کیا، 5 چھکے اور 10 چوکے لگائے۔

سہواگ دھواں دھار 35 رنز، گوتھم گھمبیر 51، یوراج سنگھ 58 اور دھونی 31 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ انگلینڈ کے لیے نمایاں باؤلر ٹم بریسنن رہے جنہوں نے دس اوورز میں 48 رنز دے کر 5 وکٹیں لیں۔

دونوں ٹیمیں اپنے افتتاحی مقابلے جیت کر خاصی پر اعتماد تھیں۔ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے فیورٹ سمجھی جانے والی بھارتی ٹیم نے شریک میزبان ملک بنگلہ دیش کو 87 رنز سے شکست دی جبکہ انگلینڈ کی ٹیم نیدرلینڈ کو چھ وکٹوں سے باآسانی ہراچکی ہے۔

Kricket Weltmeisterschaft Indien 2011
انگلش کپتان سٹراؤس نے قائدانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیاتصویر: picture-alliance/empics

کرکٹ کے عالمی مقابلے دوسرے ہفتے میں داخل ہوتے ہی سنسنی خیز ہوگئے ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان نے کانٹے دار مقابلے کے بعد شریک میزبان اور فیورٹ سری لنکا کو 11 رنز سے مات دی۔ انگلینڈ اور بھارت کا مقابلہ پہلے کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں شیڈول تھا تاہم وہاں انتظامات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے اسے بنگلور منتقل کیا گیا۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں