1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افضل گورو کو قربانی کا بکرا بنایا گیا، اداکارہ سونی رازدان

جاوید اختر، نئی دہلی
21 جنوری 2020

بالی ووڈ کی اداکارہ سونی رازدان نے افضل گورو کی پھانسی کی تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔ افضل گورو کو بھارتی پارلیمنٹ پر حملے کے جرم میں سات برس قبل پھانسی دی جا چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/3WYcL
Indien Protest Mohammad Afzal Guru
افضل گورو کی پھانسی پر ہندو انتہا پسند جشن مناتے ہوئےتصویر: Reuters

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سونی رازدان نے بھارتی پارلیمان پر حملہ کے قصوروار محمد افضل گورو کی پھانسی کے معاملہ کی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اس پھانسی کو 'انصاف کا مذاق‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ افضل گورو کو ”قربانی کا بکرا" بنایا گیا تھا۔

ہدایت کار مہیش بھٹ کی اہلیہ اور اداکارہ عالیہ بھٹ کی والدہ سونی رازدان نے افضل گورو کو پھانسی دئے جانے کے حوالے سے جو ایک ٹوئٹ کیا تو اُس کے بعد سوشل میڈیا سے لے کر سیاسی حلقوں تک میں زوردار بحث چھڑ گئی ہے۔

سونی رازدان نے ٹوئٹ کیا، ” یہ انصاف کا مذاق ہے۔ اگر وہ بے گناہ تھا تو اسے موت سے کون واپس لائے گا؟ اس لیے سزائے موت کو ہلکے میں نہیں لیا جانا چاہیےاور اس بات کی بھی ٹھوس انکوائری ہونی چاہئے کہ افضل گورو کو قربانی کا بکرا کیوں بنایا گیا۔"

Indien - Parlament in Neu Dehli
افضل گورو کو بھارتی پارلیمنٹ پر کیے گئے حملےمیں ملوث ہونے کے جرم میں پھانسی دی گئی تھیتصویر: picture-alliance/dpa

 انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا، ” اس بات کی بھی جانچ ہونی چاہیے کہ افضل جیسے لوگوں کو دہشت گردانہ سرگرمیاں انجام دینے کے لیے کس طرح اذیتیں دی جاتی ہیں اور مجبور کیا جاتا ہے اور بعد میں موت کی سزا دے دی جاتی ہے۔"

 سونی رازدان کا یہ ٹوئٹ جموں و کشمیر کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس دیوندر سنگھ کی گیارہ جنوری کو ہوئی گرفتاری کے حوالے سے آیا ہے۔ دیوندر سنگھ کو مبینہ طور پر دو کشمیری عسکریت پسندوں کے ساتھ ایک کار پر سفر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

افضل گورو نے تہاڑ جیل سے اپنے وکیل کو بھیجے گئے ایک حلف نامہ میں دیوندر سنگھ کا حوالہ دے کر لکھا تھا کہ اس نے اذیتیں دے کر مجبور کیا تھا کہ وہ محمد نامی ایک شخص کو سری نگر سے دہلی لے جا کر اس کے رہنے کا مناسب انتظام کرے۔ محمد نامی شخص بھارتی پارلیمان پر 13 دسمبر سن 2001 کو کیے گئے حملے میں مارا گیا تھا۔

Mohammad Afzal Guru
افضل گورو کو بھارتی پارلیمان پر ہوئے حملے میں ملوث ہونے پر سن 2013 میں تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی تھیتصویر: AP

افضل گورو کو بھارتی پارلیمان پر ہوئے حملے میں ملوث ہونے کے قصور میں 9 فروری سن 2013 کو تہاڑ جیل میں پھانسی دے دی گئی تھی۔

بھارتی سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ عوام کے ضمیر کی تسکین کے لیے افضل کو پھانسی دینا ضروری ہے۔

پھانسی کے وقت افضل گورو کے حلفیہ بیان کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا تھا۔ اب دیوندر سنگھ کے کشمیری عسکریت پسندوں کے ساتھ تعلقات، لوگوں سے بھتہ لینے اور منشیات کے دھندے میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے جارہے ہیں۔ ان کی انکوائری بھی شروع ہو چکی ہے۔ ایسے میں افضل گورو کے حلفیہ بیان کی باتیں اٹھ رہی ہیں۔

جرمن ماں اور کشمیری باپ کی بیٹی 64 سالہ سونی رازدان اپنے بے باک ٹوئٹ کے لیے مشہور ہیں۔افضل گورو کے حوالے سے ٹوئٹ کے بعد سونی رازدان کی حمایت اور مخالفت دونوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔