1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان: جرمن کوہ پیماؤں کی لاشیں برآمد

5 ستمبر 2011

افغانستان میں دو ہفتے قبل لاپتہ ہونے والے دو جرمن باشندوں کی لاشیں مل گئی ہیں۔ افغان حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں جرمن کوہ پیماؤں کو ممکنہ طور قتل کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12TRB
تصویر: AP

افغان صوبہ پروان کے گورنر عبدالبشیر سالانگی نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ دونوں جرمن شہریوں کو کُوچی خانہ بدوشوں نے قتل کیا۔

افغان حکام کے مطابق کوہ پیماؤں کی لاشیں وسطی افغانستان کے درہ سالانگ کے نواح میں واقع ایک پہاڑی گاؤں میں ملی ہیں۔  یہ علاقہ دارالحکومت کابل کے شمال میں واقع ہے۔

عبدالبشیر سالانگی کے بقول جس مقام سے یہ لاشیں برآمد ہوئیں، وہاں کوچی خانہ بدوشوں کے چار ٹینٹ تھے۔ سالانگی کے مطابق: ’’ہمیں معلوم ہوا ہے کہ جرمن کوہ پیماؤں کو بندوق سے فائر کرکے ہلاک کیا گیا اور کوچی خانہ بدوشوں کے پاس شکار کرنے کے لیے اس طرح کی بندوقیں ہوتی ہیں۔‘‘

صوبائی گورنر کے خیال میں ان جرمن شہریوں کو ان کا سامان حاصل کرنے کے لیے قتل کیا گیا، جس میں ان کے کیمروں اور دور بینوں کے علاوہ نقد رقم بھی شامل ہے۔

مذکورہ جرمن کوہ پیما افغانستان کے وسطی صوبہ پروان کے پہاڑی علاقے میں دو ہفتے قبل کوہ پیمائی کرتے ہوئے لاپتہ ہو گئے تھے۔ دارالحکومت کابل سے ملحقہ اس صوبے کو عام طور پر پر امن سمجھا جاتا ہے۔ جب یہ دونوں افراد رات دیر تک واپس نہ پہنچے تو ان کے ڈرائیور نے ان کی گمشدگی کی اطلاع مقامی حکام تک پہنچائی تھی۔

رمن کوہ پیماؤں کو بندوق سے فائر کرکے ہلاک کیا گیا، افغان صوبہ پروان کے گورنر عبدالبشیر سالانگی
رمن کوہ پیماؤں کو بندوق سے فائر کرکے ہلاک کیا گیا، افغان صوبہ پروان کے گورنر عبدالبشیر سالانگیتصویر: AP

ان جرمن شہریوں کے اغواء کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی تھی۔ قبل ازیں افغان حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ان کوہ پیماؤں کو مقامی جنگی سرداروں یا دہشت گردوں نے تاوان کی وصولی کے لیے اغواء کر لیا ہے۔ طالبان کی طرف سے بھی اغوا کی تردید کی گئی تھی۔

افغانستان کی وزارت داخلہ کی طرف سے ان افراد کی گمشدگی کے حوالے سے کم از کم چار مقامی خانہ بدوشوں کو حراست میں  لیا گیا تھا۔ تاہم یہ بات معلوم نہیں ہوسکی کہ آیا کوہ پیماؤں کی لاشیں ملنے کے حوالے سے زیر حراست افراد سے کوئی معلومات ملی تھی یا نہیں۔

ایک مقامی اہلکار کے مطابق جس علاقے سے جرمن کوہ پیماؤں کی لاشیں ملی ہیں وہ بڑی شاہراہ سے کم از کم تین گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صادق صدیق کے مطابق لاشیں ملنے کی اطلاعات کے بعد علاقے میں پولیس روانہ کر دی گئی ہے اور اس بارے میں تفتیش کا آغاز ہوگیا ہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک