1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں آٹھ امریکی فوجی ہلاک: نیٹو

4 اکتوبر 2009

افغانستان میں تعینات مغربی دفاعی اتحاد نیٹو فورسز پر اس سال کے خطرناک ترین حملے میں آٹھ امریکی اور دو افغان فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ افغان صوبے نورستان مٰیں ہوئے اس حملے میں متعدد طالبان بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/JxUP
تصویر: AP

ان ہلاکتوں کے ساتھ ہی افغانستان میں طالبان کے حملوں میں سن 2001ء سے اب تک مرنے والے غیر ملکی فوجیوں کی مجموعی تعداد 1442 سے تجاوز کرگئی ہے۔

Kabul Anschlag Flughafen Terror Taliban
افغانستان میں نیٹو کے تحت ایک لاکھ سے زائد اتحادی فوجی تعینات ہیںتصویر: AP

انٹرنیشنل سیکیورٹی اسسٹنس فورس ISAF کے ایک بیان کے مطابق طالبان جنگجوٴوں نے ہفتہ کو ملک کے مشرقی حصّے میں تعینات غیر ملکی فورسز پر حملہ کردیا۔ اطلاعات کے مطابق طالبان عسکریت پسندوں نے افغان صوبے نورستان میں واقع ایک مسجد اور گاوٴں سے نیٹو فوجیوں پر حملے کئے، جن کے نتیجے میں یہ ہلاکتیں ہوئیں۔

طالبان کے ایک ترجمان نے ان حملوں میں تیس غیر ملکی اور مقامی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

نیٹو کے مطابق اتحادی افواج نے فوراً ہی ان حملوں کا جواب دے کر طالبان کے متعدد مسلح اراکین کو ہلاک کردیا تاہم اعداد و شمار کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے AFP کے ساتھ بات چیت میں ISAF کے ایک ترجمان نے کہا کہ نورستان حملے میں مارے گئے تمام غیر ملکی فوجی امریکی ہی تھے۔

نورستان کے انٹیلی جینس چیف محمد فاروق نے AFP کو بتایا کہ ہفتے کا حملہ اس صوبے کے ضلع کامدیش میں پیش آیا۔

گزشتہ برس اگست میں اسی طرح کے ایک خطرناک حملے میں دس فرانسیسی فوجی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ پچھلے ہی مہینے افغان دارالحکومت کابل میں طالبان کے ایک خودکش بم حملے میں چھ اطالوی فوجی ہلاک ہوئےتھے۔

افغانستان میں غیر ملکی فوجیوں کے امریکی سربراہ جنرل میک کرسٹل سٹینلے نے طالبان کے خلاف جنگ جیتنے کے حوالے سے اپنی حالیہ رپورٹ میں مزید فوجی افغانستان روانہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ میک کرسٹل نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر افغانستان کے لئے نئی حکمت عملی وضع نہیں کی گئی تو طالبان کے خلاف جنگ میں نیٹو کو شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ امریکی فوجی کمانڈر نے نئی حکمت عملی کی وکالت کرتے ہوئے کہا:’’ایک ایسی اسٹریٹیجی جو افغانستان میں استحکام نہیں لا سکتی وہ یقیناً ایک دور اندیش حکمت عملی نہیں ہے۔‘‘

جنوبی افغان صوبوں ہلمند اور قندھار میں طالبان کا خاصا اثر ہے تاہم گزشتہ ایک دو برسوں میں طالبان کی سرگرمیاں ملک کے مشرقی حصّے میں بھی تیز ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ لندن میں قائم بین الاقوامی کونسل برائے سلامتی و ترقی یا ’انٹرنیشنل کونسل آن سیکیورٹی اینڈ ڈویلپمنٹ‘ نامی تھنک ٹینک کے مطابق طالبان عسکریت پسند افغانستان کے اسّی فی صد حصّے میں موجود ہیں۔

Anschlag auf die Deutsche Botschaft in Kabul, Afghanistan
افغانستان میں ہلاک ہونے والے غیرملکی فوجیوں میں سب سے زیادہ امریکی ہیںتصویر: AP

iCasualties.org نامی ویب سائٹ کے مطابق افغانستان میں گزشتہ نو برسوں کے دوران مرنے والے غیر ملکی فوجیوں میں سب سے زیادہ تعداد امریکیوں کی ہیں۔ افغانستان میں اب تک 850 سے زائد امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ برطانیہ 219 ہلاکتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ تیسرے نمبر پر کینیڈا ہے جس کے 130 سے زائد فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس ویب سائٹ کے مطابق 35 فرانسیسی اور 33 جرمن فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ جن دیگر ملکوں کے فوجی افغانستان میں مارے گئے ہیں ان میں ہالینڈ، آسٹریلیا، ڈنمارک، اٹلی، چیک جمہوریہ، بیلجیم، ناروے، پولینڈ، رومانیہ، ہنگری، سویڈن، اسپین، فن لینڈ، لیٹویا، لیتھوینیا، ایسٹونیا، جنوبی کوریا اور ترکی بھی شامل ہیں۔

دریں اثناء افغانستان کے حالیہ صدارتی انتخابات کے شفاف انعقاد پر بھی سوالیہ نشان لگا ہے۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق حامد کرزئی نے اگست کے انتخابات میں مطلوبہ اکثریت حاصل کر لی ہے تاہم آزاد غیر ملکی مبصرین نے انتخابی عمل میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں اور دھاندلیوں کی شکایات درج کی ہیں۔

رپورٹ: گوہرنذیر

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید