1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں شدید برفباری: درجنوں ہلاکتیں، کئی شاہراہیں بند

مقبول ملک
5 فروری 2017

افغانستان کے کئی علاقوں میں شدید نوعیت کے برفانی طوفانوں کے نتیجے میں درجنوں شہری ہلاکتوں اور کئی بڑی قومی شاہراہوں کی بندش کے بعد کابل حکومت نے آج اتوار پانچ فروری کے روز عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔

https://p.dw.com/p/2X0VF
Afghanistan Winter & Schnee in Kabul | Auto, Verkehr
تصویر: Reuters/O. Sobhani

افغان دارالحکومت کابل سے ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ کابل شہر اس وقت برف کی ایک موٹی تہہ کے نیچے دبا ہوا ہے اور حکومت نے صورت حال کو دیکھتے ہوئے ایک روزہ عوامی تعطیل کا اعلان کر دیا اور تمام حکومتی دفاتر بند کر دیے گئے۔

ہندو کش کی اس ریاست میں انتہائی شدید سردی اور مسلسل برفباری سے ملک کے جو حصے سب سے زیادہ متا‌ثر ہوئے ہیں، ان میں شمالی صوبہ بدخشاں بھی شامل ہے، جہاں گزشتہ دو دنوں کے دوران برفانی تودے گرنے کے متعدد واقعات میں مجموعی طور پر 19 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہو چکے ہیں۔

چترال میں برفانی تودہ گرنے سے تیرہ افراد ہلاک

بدخشاں کے صوبائی گورنر کے ترجمان نے بتایا کہ اس صوبے میں شہری ہلاکتوں اور عام لوگوں کے زخمی ہونے کے یہ واقعات اس وقت پیش آئے جب مختلف علاقوں میں برفانی تودے رہائشی علاقوں پر گرے یا پھر برفباری کی وجہ سے کئی مکانوں کی چھتیں گر گئیں اور سڑکوں پر بہت سے حادثات بھی ہوئے۔

Afghanistan Starke Schneefälle
ایک بزرگ افغان شہری کابل کی ایک سڑک سے برف ہٹاتے ہوئےتصویر: Getty Images/AFP/S. Marai
Afghanistan Winter & Schnee in Kabul | Dach, Schneeschippe
پورا کابل شہر اس وقت برف کی بہت موٹی تہہ سے ڈھکا ہوا ہےتصویر: Reuters/O. Sobhani

صوبائی گورنر کے ترجمان کے مطابق صرف بدخشاں میں ہی کم از کم 12 اضلاع اس مسلسل برفباری سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور ان اضلاع کا باقی ماندہ صوبے اور ملک سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہے۔

روئٹرز نے لکھا ہے کہ اس شدید برفباری نے افغانستان میں کئی اہم قومی شاہراہوں کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ ملکی دارالحکومت کابل کو قندھار سے ملانے والی شاہراہ پر پولیس اور فوج کے اہلکاروں کو کم از کم ڈھائی سو ایسی گاڑیوں اور بسوں میں سوار سینکڑوں افراد کی مدد کرنا پڑ گئی، جو دوران سفر برفانی طوفان میں پھنس کر رہ گئے تھے۔

اسی طرح افغان صوبے غزنی میں گورنر کے ترجمان جاوید سالنگی نے بتایا کہ اس صوبے میں دو میٹر تک نئی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ سالنگی نے کہا، ’’برفانی طوفان میں پھنسے افراد میں سے کچھ کو قریبی مقامی آبادیوں میں عام شہریوں کے گھروں میں پہنچایا گیا جبکہ باقی کو کچھ دور فوجی اور پولیس چیک پوسٹوں میں پناہ دی گئی۔‘‘

Afghanistan Winter & Schnee in Kabul | Dach, Geschäft
کابل کے مضافات میں ایک دکان کی چھت سے برف ہٹانے کی کوششتصویر: Reuters/O. Sobhani
Afghanistan Starke Schneefälle
افغان دارالحکومت کی ایک سڑک کا اتوار پانچ فروری کی دوپہر کے وقت کا منظرتصویر: Getty Images/AFP/S. Marai

حکام نے توقع ظاہر کی ہے کہ برفباری کی وجہ سے بند افغان شاہراہیں جلد از جلد دوبارہ کھولی جا سکیں گی۔ ’’لیکن یہ شاہراہیں اسی وقت دوبارہ کھولی جائیں گی، جب سڑکیں صاف ہوں گی اور سفر کرنا دوبارہ محفوظ ہو جائے گا۔‘‘

اسی دوران کابل کے شمال میں درہ سالانگ بھی مسلسل برفباری کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔ اس علاقے میں پولیس فورس کے سربراہ جنرل رجب سالنگی نے بتایا کہ اس درے میں کئی مقامات پر تو دو سے لے کر ڈھائی میٹر تک برف پڑی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید