1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں مقامی سکیورٹی فورسز پر حملے، 18 افراد ہلاک

19 دسمبر 2010

افغانستان میں مقامی سکیورٹی فورسز پر مختلف حملوں میں 13 اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق اس دوران جوابی کارروائیوں میں پانچ حملہ آور بھی مارے گئے۔

https://p.dw.com/p/QfvO
تصویر: AP

افغانستان کے شمالی شہر قندوز میں کم از کم چار خودکش بمباروں نے فوجی بھرتی کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا۔ خبررساں ادارے اے پی نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ حملہ آور فوجی یونیفام میں تھے۔ بعدازاں بمباروں کے ساتھیوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان بہت دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

اس مرکز کے اندر تقریباﹰ 100 افراد محصور ہو کر رہ گئے۔ حملے کے بعد غیرملکی اور مقامی سکیورٹی فورسز نے عمارت کو گھیرے میں لے لیا۔ قندوز میں فوجی بھرتی کا یہ دفتر شہر کے مرکز میں واقع ہے۔ اس کے قریب پولیس سربراہ کے دفتر سمیت اہم حکومتی دفاتر قائم ہیں۔

خیال رہے کہ قندوز افغانستان کا قدرے پرامن صوبہ رہا ہے،تاہم وہاں عدم استحکام کی جڑیں بتدریج گہری ہو رہی ہیں۔ وہاں حالیہ ہفتوں کے دوران افغان اور امریکی فوجیوں نے درجنوں طالبان کمانڈروں کو ہلاک کیا ہے۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ابھی ہفتہ کو ہی قندوز کا غیراعلانیہ دورہ کیا ہے۔ انہوں نے وہاں تعینات جرمن فوجیوں سے ملاقات کی۔ تاہم طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے قندوز حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا، ’ان کے (انگیلا میرکل) دورے کا مقصد اپنے فوجیوں کے حوصلے بلند کرنا تھا، لیکن آج کے کامیاب حملے سے فوجیوں کے دل دہل گئے ہیں۔’

Bundeswehr Afghanistan Dossierbild 3/3
چانسلر انگیلا میرکل کی قندوز میں جرمن فوجیوں سے ملاقات

دوسری جانب دارالحکومت کابل کے نواح میں بھی بھرتی کے مرکزی سینٹر کے باہر شدت پسندوں نے افغان فوج کی ایک گاڑی پر حملہ کیا۔ قریبی چیک پوسٹ پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آوروں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک شدت پسند ہلاک ہو گیا۔ تاہم بعد ازاں ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس حملے میں پانچ فوجی ہلاک ہوئے۔ طالبان نے کابل حملے کی ذمہ داری بھی قبول کر لی ہے جبکہ افغان صدر حامد کرزئی نے انہیں مجرمانہ کارروائیاں قرار دیا ہے۔

حامد کرزئی نے ایک بیان میں کہا، ’یہ مجرمانہ حملے افغان عوام کے دشمنوں نے کئے ہیں۔’

طالبان مقامی سکیورٹی فورسز میں بھرتی کے حوالے سے افغان عوام کی حوصلہ شکنی کر رہے ہیں۔ انہوں نے ملک کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو فوج میں بھرتی سے روکنے کے لئے دھمکی آمیز خط بھی لکھے ہیں۔

افغانستان میں ایک اور حملےمیں نیٹو کا ایک اہلکار بھی ہلاک ہوا ہے۔ مغربی دفاعی اتحاد نے اس کی تصدیق کی ہے، تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبرساں ادارے

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں