1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں نیٹو کے تین فوجی ہلاک

24 اپریل 2011

مغربی دفاعی اتحاد کے ذرائع کے مطابق افغانستان میں دو مختلف واقعات میں نیٹو کے تین اور فوجی مارے گئے ہیں۔ نیٹو کے آج اتوار کو جاری کیے گئے ایک فوجی بیان کے مطابق یہ ہلاکتیں ہفتہ کے روز ہوئیں۔

https://p.dw.com/p/113B4
تصویر: picture-alliandce/dpa

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ نیٹو کے ہلاک ہونے والے ان تین میں سے دو فوجی جنوبی افغانستان میں اس وقت مارے گئے جب وہ سڑک کے کنارے نصب کیے گئے ایک بم کی زد میں آ گئے۔ نیٹو ذرائع نے تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ ہلاک ہونے والے ان فوجیوں کا تعلق کن ملکوں سے تھا۔

افغانستان میں زیادہ تر غیر ملکی اتحادی فوجی دستے ملک کے جنوب میں تعینات ہیں اور ان کا تعلق زیادہ تر امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا سے ہے۔ اس سے پہلے نیٹو کا ایک تیسرا فوجی ہفتہ ہی کے روز اس وقت مارا گیا جب اتحادی دستوں کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر ملک کے مشرق میں گر کر تباہ ہو گیا۔

مغربی دفاعی اتحاد کے ذرائع نے یہ تسلیم نہیں کیا کہ یہ ہیلی کاپٹر طالبان کے کسی حملے کے نتیجے میں تباہ ہوا۔ تاہم اتنا ضرور کہا گیا کہ اس ہیلی کاپٹر میں سوار دو فوجیوں کے بچانے کے لیے جو امدادی آپریشن کیا گیا، اس دوران ’دشمن کے ساتھ‘ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

Flash-Galerie Taliban legen Waffen nieder
طالبان نے نیٹو کا ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ کیا ہےتصویر: DW

اس کے برعکس طالبان باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پہلے نیٹو کے ایک ہیلی کاپٹر کو مار گرایا اور پھر اس میں سوار فوجیوں کو بچانے کے لیے کیے جانے والے نیٹو ریسکیو آپریشن کو بھی اپنی کارروائی کا نشانہ بنایا۔

افغانستان کے جنوب میں اتحادی فوجوں اور افغان نیشنل آرمی کے ہزاروں سپاہیوں کو ان دنوں طالبان کے بڑھتے ہوئے حملوں کا سامنا ہے۔ افغانستان میں بین الاقوامی فوجی دستوں کو پہنچنے والے جانی نقصان کا ریکارڈ رکھنے والی ایک ویب سائٹ کا نام iCasualties.org ہے اور اس ویب سائٹ پر شائع کیے گئے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس سال کے دوران ہندوکش کی اس ریاست میں اب تک 135 غیر ملکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں