1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، کم از کم چھ افراد ہلاک

14 جولائی 2009

جنوبی افغان صوبے ہلمند کے ضلع سنگین میں نیٹو فورسز کے ایک غیر فوجی ہیلی کاپٹر کی تباہی میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اب تک حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

https://p.dw.com/p/Ip2e
ہلمند صوبے میں جاری فوجی آپریشن میں ہیلی کاپٹروں کا استعمال زیادہ کیا جارہا ہےتصویر: AP

حادثہ سنگین ملٹری بیس کے قریب پیش آیا۔ نیٹو فورسز کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار افراد فوجی نہیں تھے۔ عسکریت پسندوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس ہیلی کاپٹر کو طالبان نے نشانہ بنایا۔

جنوبی افغان صوبے ہلمند میں عسکریت پسندوں کے خلاف امریکی اور برطانوی فوجیوں کا ایک بڑا آپریشن جاری ہے، جس کے دوران یہ دستے اب تک دو سو تک طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ اس آپریشن میں فوجیوں کی نقل و حرکت اور ان تک اشیاء کی فراہمی کے لئے ہیلی کاپٹروں پر سب سے زیادہ انحصار کیا جا رہا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کے پاس ایسے ہتھیار نہیں، جن سے وہ لڑاکا یا بمبار طیاروں کو نشانہ بنا سکیں تاہم ہیلی کاپٹروں کو تباہ کرنا ان کی دسترس میں ہے۔

نیٹو کی قیادت میں افغانستان میں موجود ISAF دستوں کے ترجمان نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی صبح پیش آیا۔

’’ سنگین ملٹری بیس کے قریب تباہ ہونے والے اس نجی ہیلی کاپٹر میں چھ افراد سوار تھے۔ یہ تمام افراد غیر فوجی تھے۔‘‘

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کنٹریکٹرز تھے، جو نیٹو افواج کے لئے کام کرتے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق فضا میں آگ کا گولا دیکھا گیا، جو پھر زمین پر گر گیا۔

پچھلے ہفتے جنوبی افغان صوبے زابل میں بھی نیٹو فورسز کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں تین فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والے فوجیوں میں ایک برطانوی اور دو کینیڈین تھے۔

دوسری جانب اطالوی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ مغربی افغان صوبے فرح میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں ایک اطالوی فوجی ہلاک جب کہ دو زخمی ہو گئے ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی