1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان پر 'دہلی اعلامیہ' میں کیا ہے؟

جاوید اختر، نئی دہلی
10 نومبر 2021

افغانستان کے آٹھ پڑوسی ممالک نے آج اس بات سے اتفاق کیا کہ اس ملک کی سرزمین کو دہشت گردوں کی تربیت یا پناہ گاہ، یا دہشت گردی کی مالی امداد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بھارت اس اجلاس کا میزبان تھا۔

https://p.dw.com/p/42ooS
Indien Neu Dehli Afghanistan-Konferenz
تصویر: Ministry of External Affairs/AP/picture alliance

افغانستان کے آٹھ پڑوسی ملکوں کے قومی سلامتی مشیروں کے اجلاس کی صدارت بھارت کے مشیر برائے قومی سلامتی اجیت ڈوبھال نے کی۔

پاکستان نے میٹنگ میں شرکت کرنے سے انکار کردیا تھا جب کہ چین نے بھی ایک روز قبل میٹنگ میں شرکت سے اپنی معذوری ظاہر کر دی۔

میٹنگ میں روس اور ایران کے علاوہ قازقستان، کرغزستان، ازبکستان، ترکمانستان اور تاجکستان کے قومی سلامتی مشیران موجود تھے۔

بدھ کو دوپہر کے بعد ایک مشترکہ بیان 'افغانستان پر دہلی اعلامیہ‘ جاری کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان اور اس کے علاقوں کو دہشت گردوں کو پناہ دینے یا ان کی تربیت گاہ کے طور پر استعمال کرنے یا دہشت گردی کو مالی امداد فراہم کرنے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مشترکہ بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں اگست میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے افغانستان کی صورت حال اور اس کے عالمی مضمرات پر غور و خوض کیا گیا۔ ''تمام ممالک نے دہشت گردی کی تمام شکلوں اور جہتوں کے خلاف جنگ کے بارے میں اپنے عزائم کا اعادہ کیا۔ اس میں دہشت گردی کو مالی امداد کو ختم کرنا، دہشت گردی کے انفرا اسٹرکچر کو تباہ کرنا اور شدت پسندی کا مقابلہ کرنا شامل ہے، تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جا سکے کہ افغانستان عالمی دہشت گردی کے لیے محفوظ پناہ گاہ کبھی نہیں بن سکے۔‘‘

 پاکستان کے بغیرمقاصد کا حصول ناممکن

بھارت میں اسٹریٹیجک امور کے ماہرین کا خیال ہے کہ دہلی اعلامیہ میں افغانستان کے حوالے سے خواہ جو بھی باتیں کہی گئی ہوں، لیکن پاکستان کی عدم شمولیت کی وجہ سے یہ بے سود ہیں۔

اسٹریٹیجک امورکے ماہر اور جریدہ 'ہارڈ نیوز‘ کے ایڈیٹر سنجے کپور نے ڈی ڈبلیو اردو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ''پاکستان کے بغیر تو آپ کچھ کرہی نہیں سکتے، کیونکہ پاکستان واحد ایسا ملک ہے جو افغانستان پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔ بھارت اور دیگر ملکوں میں بھی ایک عرصے سے یہ بحث چلتی آ رہی ہے کہ اگر آپ افغانستان کو مینیج کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو پاکستان کا سہارا لینا پڑے گا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے حوالے سے اب تک جو بھی معاہدے ہوئے ہیں ان میں پاکستان کا بہت اہم رول رہا ہے اور طالبان کے کنٹرول کے بعد جو نظم بھی قائم ہے اس میں بھی پاکستان کا بہت اہم کردار ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ دہلی اعلامیہ کا طالبان پر کتنا اثر ہو گا؟ سنجے کپور کا کہنا تھا کہ طالبان کافی حد تک پاکستان کے اوپر منحصر ہیں۔ ''افغانستان میں تو ابھی پوری طرح سے حکومت بھی نہیں بنی ہے سب کچھ کارگذار وزیروں کے سہارے چل رہا ہے۔ ایسے میں ان پر کیا اثر ہوگا؟‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ کابل پر قبضہ کرنے سے قبل اور اس کے ابتدائی چند دنوں میں طالبان کے جن بڑے رہنماؤں کے نام سامنے آئے تھے وہ سب غائب ہوگئے ہیں، 'ہمیں ان کے بار ے میں پتہ ہی نہیں چل رہا‘۔

Pakistan Islamabad | Treffen Premier Khan mit Taliban-Führern
بھارت میں اسٹریٹیجک امور کے ماہرین کا خیال ہے کہ دہلی اعلامیہ پاکستان کی عدم شمولیت کی وجہ سے بے سود ہےتصویر: Pakistan Prime minister office/AFP

افغانستان کی انسانی صورت حال پر تشویش

دہلی اعلامیہ میں افغانستان کی ابترہوتی سماجی اور اقتصادی صورت حال اور انسانی بحران پر 'گہری تشویش‘  کا اظہار کیا گیا اور افغان عوام کو ہر ممکن انسانی امداد جلد از جلد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اسٹریٹیجک امور کے ماہر سنجے کپور کا کہنا تھا کہ اگر بھارت اپنے اعلان کے مطابق افغان عوام کو انسانی امداد فراہم کرنا چاہتا ہے تب بھی اسے پاکستان کی مدد لینا ہو گی۔

کپور کہتے ہیں، ''بھارت انسانی امداد فراہم کرنے میں یقیناً اہم کردار ادا کرسکتا ہے اگر وہ پاکستان کے ساتھ بات کرنے کو تیار ہو۔ اگر پاکستان کے ساتھ بات کرنے کو تیار نہیں ہوں گے تو آپ انسانی امداد فراہم نہیں کرسکیں گے۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا میں یہ خبریں تو بہت آتی ہیں کہ افغانستان تک انسانی امداد پہنچانے کے لیے پاکستان کو ٹرانزٹ روٹ کی اجازت دے دینا چاہیے  لیکن اس حوالے سے نئی دہلی اور اسلام آباد میں براہ راست بات چیت کی کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے۔

بھارتی تجزیہ کار سنجے کپور کا کہنا تھا، ''اگر ہمیں یہ احساس ہے کہ افغانستان میں حالات بہت برے ہیں، وہاں کے عوام پریشان حال ہیں تو امدادی اشیاء وہاں پہنچانے کے لیے ہمیں راستے تلاش کرنے پڑیں گے۔‘‘

دہلی اعلامیہ میں افغانستان کی ابترہوتی سماجی اور اقتصادی صورت حال اور انسانی بحران پر 'گہری تشویش‘  کا اظہار کیا گیا
دہلی اعلامیہ میں افغانستان کی ابترہوتی سماجی اور اقتصادی صورت حال اور انسانی بحران پر 'گہری تشویش‘  کا اظہار کیا گیاتصویر: Jafar Khan/AP/dpa/picture alliance

میٹنگ کے نتائج حسب توقع

سنجے کپور کا کہنا تھا کہ یہ پہلے سے ہی طے تھا کہ جب چین اور پاکستان جیسے دو بڑے ممالک پیچھے ہٹ گئے ہیں تو میٹنگ کا کوئی خاص نتیجہ نہیں نکلے گا۔ ''یہ میٹنگ سفارت کاروں کی نہیں بلکہ قومی سلامتی مشیروں کی تھی۔ یہ سب پولیس والے ہیں اور پولیس والوں کا نظریہ الگ ہوتا ہے۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت بھی اس میٹنگ کو سیکورٹی کے نقطہ نظر سے دیکھ رہا تھا۔ وہ علاقے کو مستحکم کرنے کے بار ے میں بہت زیادہ غور نہیں کررہا تھا۔

''یوں بھی ہم نے افغانستان میں اپنے رول کو کم سے کم تر کر دیا ہے۔ ہم طالبان سے بات نہیں کرنا چاہتے۔ بھارت صرف یہ کوشش کر رہا ہے کہ کسی طریقے سے افغانستان کے معاملے میں اس کی انٹری ہو جائے لیکن ہم آج کی تاریخ میں کوئی پلیئر نہیں ہیں۔‘‘

خیال رہے کہ قومی سلامتی مشیروں کی اس میٹنگ میں افغانستان کے کسی عہدیدار یا طالبان کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔

پاکستان کی 'ٹرائیکا پلس' میٹنگ

دریں اثنا جمعرات گیارہ نومبر کو پاکستان افغانستان کی صورت حال پر غور و غوص کے لیے 'ٹرائیکا پلس‘ کا اجلاس منعقد کر رہا ہے۔ اس کی صدارت پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور قومی سلامتی مشیر معید یوسف کریں گے۔

اس میٹنگ میں افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی تھامس ویسٹ، روس کے خصوصی سفیر ضمیر کابلوف اور چین کے خصوصی سفیر یوی زیاو یونگ شرکت کر رہے ہیں۔ طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی افغانستان کی عبوری حکومت کی نمائندگی کریں گے۔

ازبکستان کو افغان مہاجرین قبول نہیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں