1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان: گھریلو تشدد اور خواتین میں طلاق کا رُجحان

صائمہ حیدر
14 اپریل 2017

عورتوں پر گھریلو تشدد افغانستان جیسے قدامت پسند معاشرے میں عام بات ہے۔ تاہم یہ پہلی بار ہے کہ افغان خواتین کی بڑھتی ہوئی تعداد طلاق کے ذریعے با اختیار ہونے کا ایک نیا راستہ اپنا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/2bFSO
Afghanistan - Häuslicher Missbrauch - Scheidung
 شریعت کی رُو سے طلاق کو جائز تاہم نا پسندیدہ  فعل تصور کیا جاتا ہےتصویر: Getty Images/AFP/N. Shirzada

افغان خاتون نادیہ کے نشے کے عادی شوہر نے اسے لوہے کے راڈ سے زدو کوب کرنا شروع کیا تو اُس نے وہ قدم اٹھا لیا جس کا افغانستان میں بہت سی خواتین تصور بھی نہیں کر سکتیں۔ نادیہ نے اپنے شوہر سے طلاق لے لی۔

 شریعت کی رُو سے طلاق کو جائز تاہم نا پسندیدہ  فعل تصور کیا جاتا ہے۔ قدامت پسند ثقافتوں میں اسے اب بھی عورت کے لیے بے حد معیوب سمجھا جاتا ہے۔

 نادیہ نے خبر رساں ادرے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا،’’ وہ منشیات اور شراب کا عادی ہے میں مزید اُس کے ساتھ نہیں رہ سکتی‘‘ نادیہ کے والد اُس کے قریب ہی بیٹھے تھے اور اُن کی آنکھوں میں آنسو تھے۔ نادیہ کی برادری سے قبائلی عمائدین نے اُسے اُس کے زدو کوب کرنے والے شوہر کے پاس جانے کے لیے بہت بہلایا پھسلایا لیکن نادیہ نے اپنا فیصلہ خود کر لیا اور اپنے خاندان میں طلاق کا مطالبہ کرنے والی پہلی خاتون بن گئی۔ نادیہ کا کہنا تھا  کہ خدا نے خواتین کو جو حقوق دیے ہیں، طلاق کا حق بھی اُن میں سے ایک ہے۔

نادیہ اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی کے ایک پراجیکٹ ’’لیگل ایڈ گرانٹ فیسیلیٹی‘‘ کی مدد سے قانونی طور پر اپنے شوہر سے علیحدگی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اُس کا شوہر گھر چھوڑ کر چلا گیا ہے اور جب سے وہ گیا ہے اُس کا ٹھکانہ کسی کو معلوم نہیں۔

Afghanistan - Häuslicher Missbrauch - Scheidung
نادیہ کا کہنا ہے کہ خدا نے خواتین کو جو حقوق دیے ہیں، طلاق کا حق بھی اُن میں سے ایک ہےتصویر: Getty Images/AFP/N. Shirzada

 افغان خواتین میں طلاق لینے کی شرح میں کس حد تک اضافہ ہوا ہے، اس کے سرکاری اعداد و شمار تو میسر نہیں تاہم  یو این ڈی پی کے منصوبے ’ایل اے جی ایف‘ کے مطابق گزشتہ تین برس میں افغانستان بھر میں  اُس نے طلاق کے مقدمات میں بارہ فیصد اضافہ دیکھا ہے۔

تاہم کچھ افغان خواتین بائیس سالہ نفیسہ جیسی بھی ہیں جسے اُس کے شوہر نے طلاق دینے سے انکار کر دیا ہے اور وہ جیسے ایک برزخ میں زندگی گزار رہی ہے۔ نفیسہ کا شوہر لندن میں مقیم ہے اور یہ شادی اُس کی غیر حاضری میں گیارہ سال منگنی رہنے کے بعد ہوئی۔ لیکن اب وہ افغانستان واپس آنے یا نفیسہ کو اپنے ساتھ لندن لے جانے سے انکاری ہے۔ اس بات نے نفیسہ کو اُس کی سسرال کا گھر چھوڑنے اور طلاق لینے کا فیصلہ کرنے پر مجبور کیا۔

 نفیسہ کے گھر کے مردوں نے اُسے اے ایف پی سے بات کرنے سے روک دیا تاہم نفیسہ کے چچا نے صرف یہ بتایا کہ طلاق کا کیس عدالت میں ہے اور خاندان کے لیے بڑی شرمندگی کا باعث بن رہا ہے۔ نفیسہ کے چچا کا یہ بھی کہنا تھا کہ طلاق کے بعد نفیسہ کی دوسری شادی کے امکانات بہت کم ہو جائیں گے۔

 افغان معاشرے میں خود مختار زندگی گزارنے والی طلاق یافتہ خواتین بہت کم ہیں اور جو ہیں وہ سماجی سطح پر شک و شبے اور بد سلوکی کا نشانہ بن جاتی ہیں۔