1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان جنگ: برطانوی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد تین سو ہو گئی

22 جون 2010

بارہ جون کو افغان صوبے ہلمند میں زخمی ہونے والا ایک برطانوی فوجی اتوار کو برمنگھم کے ایک ہسپتال میں دم توڑ گیا، اس طرح افغان جنگ کے دوران مارے جانے والے برطانوی فوجیوں کی تعداد تین سو ہو گئی۔

https://p.dw.com/p/NzZ1
تصویر: AP

افغانستان میں گزشتہ نو سال کے دوران طالبان باغیوں کے مختلف حملوں میں یہ فوجی ہلاک ہوئے۔ برطانوی وزارت دفاع نے پیر کے روز ان اعداد و شمارکی تصدیق کی۔

وزارت دفاع کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 40کمانڈو رائل مرینز سے تعلق رکھنے والا ایک برطانوی فوجی نیو کوئین ایلزبتھ ہسپتال میں اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ یہ فوجی بارہ جون کو ہلمند کے ضلع سنگن میں طالبان باغیوں کے ایک حملے میں زخمی ہو گیا تھا۔

David Cameron
برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے ایک اور فوجی کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا ہےتصویر: AP

اس فوجی کی ہلاکت پر برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا:’’ہم اپنے ملک اوراس دنیا کو محفوظ بنانے کے لئے ایک بڑی قیمت ادا کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی عوام کو اپنی فوج پر فخر کرنا چاہئے۔’’ہم افغانستان میں اس لئے ہیں کیونکہ افغان ابھی تک تیارنہیں ہیں کہ وہاں ڈیرہ جمائے ہوئے دہشت گردوں کوملک سے باہر نکال پھینکیں۔‘‘ برطانوی فوج کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اس فوجی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

افغانستان میں تعینات تقریباً دس ہزار برطانوی فوجی طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف بر سرپیکار ہیں۔ افغانستان میں غیرملکی افواج کی تعیناتی کے حوالے سے امریکہ کے بعد برطانیہ دوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔

دوسری طرف افغان صدر حامد کرزئی کے دفترسے جاری کردہ ایک بیان میں اس برطانوی فوجی کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور افغانستان میں برطانوی افواج کی ’’خدمات کا شکریہ‘‘ ادا کیا گیا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں