1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

 اقربا پروری: وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کے ساتھ اُن کے داماد بھی

10 جنوری 2017

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے داماد کو سینیئر مشیر برائے تجارت اور مشرق وسطیٰ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کسی امریکی صدر کی جانب سے اپنے اتنے قریبی رشتہ دار کو اتنا اہم عہدہ دینےکے واقعات کم ہی سامنے آئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2VY4A
Donald Trump mit mit Tochter Ivanka und Schwiegersohn Jared Kushner
تصویر: Reuters/M. Segar

پیر کے روز ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹرانزیشن ٹیم نے بتایا کہ ٹرمپ نے اپنے داماد جیریڈ کُشنر کوسینیئر مشیر برائے تجارت اور مشرق وسطیٰ کا عہدہ دینے سے قبل قانونی مشاورت کی تاکہ دیکھا جا سکے کہ کہیں اس نامزدگی سے اقربا پروری سے متعلق امریکی قوانین کی خلاف ورزی تو نہیں ہو گی۔ ٹرمپ کے بقول، ’’کُشنر ایک بہت زبردست اثاثہ ہیں۔ وہ انتخابی مہم  اور اقتدار کی منتقلی کے دوران ایک ایسے مُشیر بن کر سامنے آئے ہیں، جن پر بھروسہ کیا جا سکتا ہے‘‘۔ یہ کابینہ کا عہدہ نہیں ہے، اس لیے اس کی سینیٹ سے اجازت لینا بھی ضروری نہیں۔ کُشنر کو تنخواہ بھی نہیں دی جائے گی۔

Jared Kushner und Ivanka Trump
35 سالہ کُشنر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا کے شوہر ہیںتصویر: Reuters/L. Jackson

35 سالہ کُشنر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا کے شوہر ہیں۔ وہ صدارتی انتخابات کی مہم کے ہر مرحلے میں شامل رہے، چاہے وہ پالیسی کے حوالے سے نجی سطح پر کیے جانے والے فیصلے ہوں یا پھر رقم اکٹھی کرنے کی مہم۔ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا بھی اس انتخابی مہم میں پیش پیش تھیں اور وہ بھی اپنے والد کو مشاورت فراہم کرتی رہیں۔ تاہم وہ وائٹ ہاؤس میں کوئی بھی عہدہ نہیں لے رہیں بلکہ سرِدست اپنے کنبے کو واشنٹگن میں منتقل کرنے کے انتظامات پر ہی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

جیریڈ کُشنر نیویارک میں جائیداد کے کاروبار سے منسلک ہیں اور وہ اپنے سُسر کی انتخابی مہم کے دوران ذرائع ابلاغ میں زیادہ نمایاں طور پر سامنے آئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ بیس جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے والے ہیں۔ وہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ تجارت کے بین الاقوامی معاہدوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے انہیں امریکی مفادات کے عین مطابق بنائیں گے۔

اس سے قبل  1993ء میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے صحت کے شعبے میں کی جانے والی اصلاحات کی نگرانی کے لیے اپنی اہلیہ ہلیری کلنٹن کا نام تجویز کیا تھا، جس کے بعد کلنٹن تنازعے کا شکار ہو گئے تھے۔ اسی طرح جان ایف کینیڈی نے 1960ء میں صدر منتخب ہونے کے بعد اپنے بھائی رابرٹ کینیڈی کو اٹارنی جنرل منتخب کر لیا تھا۔