1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اقلیتوں کا تحفظ، روم حکومت پر عزم

14 ستمبر 2010

اطالوی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ روم حکومت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے دوران مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کے لئے ایک قرار داد پیش کرے گی۔

https://p.dw.com/p/PBMB
اطالوی وزیر خارجہ فرانکو فراتینیتصویر: AP

اطالوی وزیرخارجہ فرانکو فراتینی نے روم میں پاکستان کے وفاقی وزیر برائے اقلیتی و مذہبی امور شہباز بھٹی سے ملاقات کے دوران کہا کہ مذہبی آزادی بنیادی انسانی حقوق کا ایک اہم ستون ہے،’’ مذہبی آزادی ایک ایسا بنیادی اصول ہے، جس کا پرچار ہر مذہب کرتا ہے۔‘‘

فرانکو فراتینی نے شہاز بھٹی سے ملاقات کےدوران دنیا بھر میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کے تناظر میں کہا،’’ دنیا کے مختلف خطوں میں مسیحیوں کے خلاف مذہبی بنیادوں پر جس طرح کا امتیازی سلوک کیا جاتا ہے، اس پر ہم شدید تحفظات رکھتے ہیں۔‘‘

پاکستان میں رواں سال جولائی میں ایک عدالت کے باہر کچھ نامعلوم مسلح افراد نے دو مسیحی بھائیوں گولیاں مار کرہلاک کر دیا گیا تھا، ان پر الزام تھا کہ وہ پیغمبر اسلام کے بارے میں متنازعہ کلمات ادا کرنے کے مرتکب ہوئے۔ اگست سن 2009ء میں بھی پاکستان میں آٹھ مسیحیوں پر ’توہین رسالت‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے، مشتعل عوام نے انہیں زندہ ہی جلا دیا تھا۔

پاکستان میں اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک پرتبصرہ کرتے ہوئے اطالوی وزیر خارجہ فرانکو فراتینی نے کہا،’’ گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستان کے کچھ دیہاتوں میں جس طرح مسیحیوں کا قتل کیا گیا ہے، اس پر اٹلی اور یورپی یونین کی سطح پرایک بے چینی پائی جاتی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کہیں کوئی تصادم ہے بھی تو وہ مسلمانوں اور مسیحیوں کے مابین نہیں بلکہ انتہا پسندوں کے مابین ہے۔

Shahbaz Bhatti Minister für Minderheiten in Pakistan
پاکستان کے اقلیتی اور مذہبی امور کے وفاقی وزیر شہباز بھٹی، بائیںتصویر: AP

اطالوی وزیرخارجہ فرانکو فراتینی کے ساتھ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر برائے اقلیتی و مذہبی امور شہاز بھٹی نے مذہبی آزادی پر فراتینی کے بیانات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے اس حوالے سے کئی اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں توہین رسالت کے قانون کے تحت اگرچہ کسی بھی شخص کو ابھی تک سزا نہیں سنائی گئی ہے تاہم وہاں اس قانون کی مبینہ خلاف وزری کے تحت مشتعل عوام اور مسلح افراد اقلیتوں بالخصوص مسیحیوں کے خلاف نہ صرف پر تشدد کارروئیاں کر چکے ہیں بلکہ ان کا قتل بھی۔

پاکستان میں انسانی حقوق کے ادارے توہین رسالت کے متنازعہ قانون کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اسی قانون کو بنیاد بنا کر لوگ اپنی ذاتی دشمنیاں بھی نکالتے ہیں۔

رپورٹ:عاطف بلوچ

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں