1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اقوام متحدہ شام میں امدادی سامان فضا سے گرانے کے لیے تیار

افسر اعوان3 جون 2016

اقوام متحدہ کے عالمی خوراک پروگرام کی طرف سے آج جمعہ تین جون کو بتایا گیا ہے کہ وہ شام کے محاصرے میں آئے ہوئے 19 علاقوں میں امدادی سامان فضا سے گرانے کے لیے تیار ہے مگر اس کے لیے فنڈنگ اور شامی حکومت کی اجازت درکار ہے۔

https://p.dw.com/p/1J09J
تصویر: Getty Images/AFP/S. Hamed

ورلڈ فوڈ پروگرام کے مطابق بہت زیادہ بلندی سے امدادی سامان گِرائے جانے کی سہولت چار علاقوں کے لیے ہو گی جن میں الفوعہ اور کفریہ کے علاقے بھی شامل ہیں جہاں 20 ہزار کے قریب لوگ گھِرے ہوئے ہیں۔ 15 دیگر مقامات شہری یا نیم شہری علاقوں میں ہیں جہاں صرف ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ہی امدادی سامان گِرایا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق، ’’ان علاقوں میں بہت زیادہ بلندی سے امدادی سامان گرانا اس لیے ممکن نہیں ہے کیونکہ جہاز سے گرائے جانے والے سامان کی زد میں نیچے موجود لوگ آ سکتے ہیں جنہیں نقصان بھی پہنچ سکتا ہے۔‘‘

اقوام متحدہ کی طرف سے دیر الزور کے علاقے میں داعش کے جنگجوؤں کے محاصرے میں آئے ہوئے قریب 110,000 افراد کے لیے بہت زیادہ بلندی سے امدادی سامان گرایا جاتا رہا ہے۔ مگر اس طرح فضا سے امداد پہنچایا جانا آخری امکان ہوتا ہے کیونکہ ایک تو یہ بہت زیادہ مہنگا اور پیچیدہ ہوتا ہے بلکہ اس سے بہت ہی کم امداد پہنچائی جا سکتی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق شامی حکومت اقوام متحدہ کی طرف سے محاصرے میں آئے ہوئے سویلین آبادی پر مشتمل دیگر علاقوں میں امداد کی فراہمی کی کوششوں میں روڑے اٹکاتی رہی ہے۔ ان میں اس مقصد کے لیے کی جانے والی درخواستوں کو رد کرنا، خوراک لے جانے والے قافلوں کو آخری وقت میں روک دینا یا پھر مشروط اجازت دینا وغیرہ شامل ہیں۔

شامی حکومت اقوام متحدہ کی طرف سے محاصرے میں آئے ہوئے علاقوں میں امداد کی فراہمی کی کوششوں میں روڑے اٹکاتی رہی ہے
شامی حکومت اقوام متحدہ کی طرف سے محاصرے میں آئے ہوئے علاقوں میں امداد کی فراہمی کی کوششوں میں روڑے اٹکاتی رہی ہےتصویر: Getty Images/AFP/M. Taha

’انٹرنیشنل سیریا سپورٹ گروپ‘ ISSG میں شامل ممالک نے جو شام میں امن عمل کی حمایت کر رہے ہیں، شامی حکومت کے لیے یکم جون کی تاریخ مقرر کی تھی کہ وہ ملک کے تمام علاقوں کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کی اجازت دے۔ ان میں اُن علاقوں کے لیے بھی اجازت دینے کا کہا گیا ہے جو باغیوں کے قبضے میں ہیں جہاں فضا سے امدادی سامان پہنچانے میں خطرات ہیں۔

ورلڈ فوڈ پروگرام کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق، ’’صورتحال کے بارے میں ISSG اندازوں کے مطابق ورلڈ فوڈ پروگرام اب اپنا یہ پروگرام شروع کرنے لگا ہے۔ اس میں شامی حکومت کو ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر کی طرف سے اجازت دینے کی درخواستوں کی تیاری بھی شامل ہے۔‘‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے یہ ضروری ہے کہ فنڈنگ بھی ملے اور امداد پہنچانے کے لیے ضروری اجازت بھی دی جائے۔‘‘