1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اقوام متحدہ کی تفتیش سے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں، میانمار

عابد حسین
18 جولائی 2017

اقوام متحدہ میانمار میں روہنگیا مہاجرین پر کیے جانے والے جبر اور جنسی استحصال کی تفتیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ میانمار حکومت کا کہنا ہے کہ اس تفتیش سے مجموعی صورت حال میں مزید بگاڑ پیدا ہو سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/2giSY
Myanmar Schließung muslimischer Schulen in Rangun
تصویر: picture-alliance/AP Photo/T. Zaw

میانمار کی نوبل انعام یافتہ خاتون سیاستدان آنگ سان سوچی کے سکیورٹی ایڈوائزر نے راکھین ریاست میں خیمہ زن روہنگیا مسلمانوں کے بارے میں ایک ممکنہ تفتیشی عمل پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اُن کے ملک کی مغربی ریاست میں پیدا شدہ حالات کو مزید خراب اور تناؤ میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

سکیورٹی فورسز نے تشدد کا نشانہ بنایا، روہنگیا مسلم خواتین

’بودھ دہشت گردی کی علامت‘ کا راکھین کا اشتعال انگیز دورہ

روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و تشدد، سُوچی اور یورپی یونین میں اختلافات

اس تفتیش کے تناظر میں میانمار کی حکومت نے اقوام متحدہ کے اُن تین ماہرین کو ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے، جو راکھین پہنچ کر روہنگیا آبادی کی ہلاکتوں، عورتوں کے ریپ اور ٹارچر کے الزامات کی حقیقت جاننا چاہتے ہیں۔

اس مشن کے حوالے سے اقوام متحدہ میں مستقل امریکی مندوب نِکی ہیلی نے میانمار حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے مشن کے ساتھ تعاون کرے۔ اس مشن کو عالمی ادارے کے انسانی حقوق کے کمیشن کی ایک قرارداد کی روشنی میں تشکیل دیا گیا ہے۔

Bangladesch - Rohingya-Konflikt
روہنگیا مہاجرین کے مجموعی حالات انتہائی تنگ بتائے جاتے ہیںتصویر: Getty Images/A. Joyce

آنگ سان سوچی کے سکیورٹی ایڈوائزر تھاؤنگ تُن نے ینگون میں سفارت کاروں کے سامنے اپنے ملکی موقف کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشن کے قیام سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں کیونکہ یہ کسی صورت میں ایک تعمیری فیصلہ نہیں قرار دیا جا سکتا۔ اس اجلاس میں میامنار میں تعینات امریکی سفیر بھی موجود تھے۔ تُن نے یہ بھی کہا کہ انسانی حقوق کے کمیشن کے اجلاس میں اس قرارداد سے چین اور بھارت کی دوری اُن کے اصولی موقف کی حمایت ہے۔

میانمار میں مقیم دس لاکھ کے قریب روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ میانمار کی اکثریتی بدھ آبادی کے انتہائی ناروا سلوک کو سب سے متنازعہ معاملہ خیال کیا جاتا ہے۔ میامنار کی حکومت نے روہنگیا آبادی کو غیرقانونی مہاجرین قرار دے کر شہریت دینے سے محروم کر رکھا ہے۔ مقامی آبادی بھی اپنی حکومت کی طرح انہیں بنگلہ دیش سے مہاجرت کرنے والے باشندے قرار دیتے ہیں۔