1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اقوام متحدہ کے سربراہ پاکستان پہنچ گئے

16 فروری 2020

اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوٹیرش چار روزہ دورے پر پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ اپنے اس دورے کے دوران وہ افغان مہاجرین کی ایک کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

https://p.dw.com/p/3Xqlq
Spanien Madrid Antonio Guterres vor der 25. UN-Klimakonferenz
تصویر: picture-alliance/Europa Press/J. Hellin

پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش کے اس دورے کے دوران شورش زدہ مقامات پر امن دستوں کی تعیناتی میں پاکستان کے کردار اور مہاجرین کی صورت حال مرکزی معاملات رہیں گے۔ اس دوران وہ پاکستانی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ماحولیات اور پاکستان میں پائیدار معاشی و سماجی ترقی جیسے معاملات پر بھی اعلیٰ حکام  اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے بات چیت کریں گے۔

انتونیو گوٹیرش نے اپنے دورے سے قبل اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں لکھا، ''پاکستان دنیا بھر میں قیام امن کی کوششوں کے لیے سب سے زیادہ قابل بھروسہ اور مستقل کردار ادا کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔‘‘ گوٹیرش نے مزید لکھا، ''میں پاکستان جا رہا ہوں جہاں میں قیام امن کی کوششوں میں پاکستانی لوگوں کے کردار پر اظہار تشکر کا ارادہ رکھتا ہوں۔‘‘

UN-Generalversammlung in New York | Antonio Guterres, UN-Generalsekretär
گوٹیرش افغان مہاجرین کی پاکستان آمد کے چالیس برس مکمل ہونے کے موقع پر منعقد کی جانے والی ایک کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے۔تصویر: Reuters/C. Allegri

گوٹیرش افغان مہاجرین کی پاکستان آمد کے چالیس برس مکمل ہونے کے موقع پر منعقد کی جانے والی ایک کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے۔ اس بین الاقوامی کانفرنس کا انتظام حکومتِ پاکستان اور اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے نے مشترکہ طور کیا ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی اس کانفرنس میں شرکت '' گزشتہ چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستان کی مثالی ہمدردی، سخاوت اور عزم کے علاوہ افغانستان میں امن و استحکام کے لیے ہماری کوششوں کا اعتراف ہے۔‘‘

پاکستان اس وقت دنیا بھر میں مہاجرین کی سب سے بڑی تعداد میں سے ایک کی میزبانی کر رہا ہے جن کا تعلق افغانستان سے ہے۔ ان افغان مہاجرین نے1979 میں افغانستان پر سوویت حملے اور اس کے بعد کے بحرانوں کے دوران پاکستان میں پناہ لی تھی۔

پاکستان کئی مرتبہ افغان مہاجرین کی واپسی کا اعلان کر چکا ہے تاہم اس سلسلے میں مقرر کی جانے والی ڈیڈ لائن میں توسیع ہوتی رہی ہے۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔

ا ب ا / ع ح (ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں