1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

الیکٹرانک مصنوعات کا بڑا میلہ: نئے حیران کن رجحانات

عدنان اسحاق5 جنوری 2016

امریکی شہر لاس ویگاس میں عنقریب شروع ہونے والے میلے ’CES‘ میں مختلف کمپنیاں اور الیکٹرانک ادارے ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے رجحانات اور نئی ایجادات کے ساتھ شامل ہوں گے لیکن وہاں ایک نیا رجحان پروان چڑھ رہا ہے، وہ کیا ہے؟

https://p.dw.com/p/1HYG0
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Sokolow

مکمل طور پر خود کار گاڑیاں، ایک دوسرے سے انٹرنیٹ کے ذریعے منسلک گھریلو آلات اور انتہائی جدید ڈرونز، یہ تمام اشیاء الیکٹرانک مصنوعات کے میلے ’سی ای ایس‘ میں پیش کی جا رہی ہیں۔ چھ سے چودہ جنوری تک امریکی شہر لاس ویگاس میں منقعد ہونے والی اس نمائش میں اس مرتبہ جرمن کار ساز ادارے فوکس ویگن کے ساتھ ساتھ جنرل موٹرز، ٹیسلا اور فورڈ جیسے امریکی موٹر ساز ادارے بھی اپنی اپنی مصنوعات کے ساتھ یہاں موجود ہیں۔ اگرچہ ’سی ای ایس‘ گاڑیوں کے لیے مخصوص میلہ نہیں ہے لیکن کاریں اس نمائش میں اہمیت اختیار کرتی جا رہی ہیں۔

ماضی کے مقابلے میں اس سال الیکٹرک یعنی بجلی سے چلنے والی گاڑیوں پر خصوصی طور پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جنرل موٹرز اپنی نئی گاڑی شیوی بولٹ متعاراف کرانے جا رہی ہے جبکہ فوکس ویگن بھی اپنی نئی الیکٹرک گاڑی پیش کرنے جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ چین کی ایک ارب پتی شخصیت بھی اپنی کمپنی ’فاراڈے فیوچر‘ کے ساتھ لاس ویگاس میں موجود ہے، جس کی تیار کردہ برقی کاریں اگلے برس سے مارکیٹ میں دستیاب ہوں گی۔ اس کار ساز ادارے کو امریکی موٹر کار کمپنی ٹیسلا کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔

USA CES 2015 Tesla Model X
تصویر: picture-alliance/dpa/B. Pedersen

ڈی ڈبلیو سے باتیں کرتے ہوئے کمپیوٹر ماہر فولکر زوٹا نے کہا:’’الیکٹرک گاڑیوں یا مکمل طور پر خودکار کاروں کے حوالے سے لوگوں کی کار ساز شعبے سے بالکل مختلف توقعات ہیں‘‘۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ اب گاڑیوں کے بارے میں صرف یہ خیال نہیں کیا جاتا کہ اُس میں پٹرول ڈالا جائے اور وہ چل پڑے بلکہ اب معاملہ زیادہ سے زیادہ ہائی ٹیک کا ہے۔’’ گزشتہ دس برسوں کے دوران گاڑیوں میں لگائے جانے والے سافٹ ویئرز پر زیادہ سے زیادہ توجہ دی جا رہی ہے‘‘۔

ذرائع کے مطابق سی ای ایس کے دوران ہی انٹرنیٹ کمپنی گوگل اور کار ساز ادارہ فورڈ اپنے اشتراک کا اعلان بھی کریں گے۔ عام زندگی میں انٹرنیٹ کا بڑھتا ہوا عمل دخل اس سال کے میلے میں بھی چھایا رہے گا۔ لاس ویگاس میں ایسے ہزاروں گھریلو آلات پیش کیے جا رہے ہیں جنہیں انٹرنیٹ کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ جنوبی کوریائی کمپنی سام سنگ نے الٹرا ایچ ڈی ٹیلی وژن سمیت دیگر آلات متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔