1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امريکہ ميں تباہ کن طوفان، کم ازکم 89 افراد ہلاک

23 مئی 2011

امريکی رياست مسوری ميں انتہائی شديد طوفان کے نتيجے ميں بہت سے مکانات ملبے کے ڈھير بن گئے۔ ايک مقامی ہائی اسکول تباہ ہوگيا اور ايک ہسپتال کا بہت بڑا حصہ بھی ٹوٹ گيا۔

https://p.dw.com/p/11LZm
مسوری کا شہر منياپولس طوفان کی زد ميں
مسوری کا شہر منياپولس طوفان کی زد ميںتصویر: dapd

اب تک کی اطلاعات کے مطابق کل اتوار کو طوفان کی زد ميں آکر ہلاک ہونے والوں کی تعداد کم از کم 89 ہے۔

طوفان نے رياست اوکلاہوما اور کينساس کی حدود پر واقع شہر جوپلن ميں بھی سخت تباہی پھيلائی۔ اس سے چار ہفتے سے بھی کم عرصہ قبل سات امريکی رياستوں ميں آنے والے ايک اورخطرنا ک طوفان کے ہاتھوں 345 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

قومی محکمہء موسميات کو جن 46 طوفانوں کی اطلاع ملی، اُن ميں سے يہ سب سے زيادہ ہلاکت خيز طوفان تھا۔ جوپلن گلوب اخبار کے مدير اسکاٹ ميکر نے کہا: ’’يہ ايک جنگ زدہ علاقہ ہے۔ ميموريل ہال ہسپتال ميں سينکڑوں زخميوں کا علاج ہو رہا ہے۔ ليکن وہاں بہت جلد ہی سہوليات کی کمی پڑ گئی اوراب ايک مقامی اسکول ميں بھی زخميوں کی ديکھ بھال کی جا رہی ہے۔‘‘

مسوری کا شہر جوپلن، طوفان کی تباہی
مسوری کا شہر جوپلن، طوفان کی تباہیتصویر: dapd

رياست مسوری کے شہر جوپلن ميں طوفان کی تباہی کے بعد لوگ ملبے ميں اپنے افراد خاندان، ہمسايوں اور دوستوں کی تلاش ميں مصروف ہيں۔ مقامی وقت کے مطابق کل سہ پہرآنے والے اس شديد طوفان نے عمارتوں کو توڑ پھوڑ ديا ہے اور کاريں دھات کے ڈھيروں ميں تبديل ہو چکی ہيں۔ زندہ بچنے والے لوگ شديد صدمے کی حالت ميں ہر طرف پھيلی ہوئی تباہی کا سامنا کررہے ہيں۔ ناقابل شناخت مکانات کے ملبے سے شعلے اور گہرا سياہ دھواں نکل رہا ہے اور ٹوٹ جانے والے پائپوں سے پانی ابل رہا ہے۔

رياست مسوری کے گورنر جے نکسن
رياست مسوری کے گورنر جے نکسنتصویر: AP

سينٹ جان ريجنل ميڈيکل سينٹر ميں طبی امدادی سروس کا ايک ہيلی کاپٹر تباہ شدہ حالت ميں کھڑا ہوا ہے۔ طوفان کے دوران ايک تہہ خانے ميں پناہ لينے والے 23 سالہ جيف لا نے کہا: ’’ميں نے اس علاقے ميں پوری عمر گذاری ہے ليکن طوفان کے بعد مجھے يہ پتہ نہيں تھا کہ ميں کہاں ہوں۔ ہر چيز مکمل طور پر ناقابل شناخت تھی۔ ايسا معلوم ہوتا تھا کہ جيسے يہ ايک ہولناک جنگ کا نتيجہ ہو۔‘‘

مسوری کے گورنر جے نکسن نے رياست ميں ہنگامی حالت کا اعلان کر ديا ہے اور نيشنل گارڈ کے دستوں کو طلب کر ليا ہے۔ انہوں نے خبر دار کيا ہے کہ طوفانوں کا خطرہ اب بھی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طوفان سے رياست مسوری کے طول و عرض ميں سخت تباہی پھيلی ہے۔

رپورٹ: شہاب احمد صديقی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید