1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا: کرسمس پریڈ پر کار سے مبینہ حملہ، متعدد افراد ہلاک

22 نومبر 2021

امریکی ریاست وسکانسن میں کرسمس پریڈ پر ایک تیز رفتار کار چڑھا دینے کے واقعے میں کم از کم پانچ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ اس واقعے میں 20 سے زائد زخمی ہیں۔

https://p.dw.com/p/43Jv4
USA Waukesha, Wisconsin Auto rast in Parade
تصویر: Mike De Sisti/Milwaukee Journal-Sentinel via AP/picture alliance

امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ وسکانسن کے شہر ملواوکی کے قریب کرسمس پریڈ کے شرکاء پر ایک تیز رفتار کار چڑھانے کے واقعے میں متعدد افراد ہلاک اور 20 سے زائدزخمی ہو گئے۔ پولیس نے حملے کے بعد ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ اتوار کے روز واؤکیشا میں پیش آیا، جو ملواوکی میٹروپولیٹن ایریا کے حدود میں آتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حملے میں ملوث ہونے کے شبے میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

کیا ہوا تھا؟

پریڈ کی براہ راست نشر کی جانے والے ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شام ساڑھے چار بجے کے قریب سرخ رنگ کی ایک ایس یو وی (جیپ) رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے پریڈ کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

پولیس سربراہ ڈین تھامسن نے نامہ نگاروں کو بتایا،"واؤکیشا میں کرسمس پریڈ جاری تھی کہ ایک سرخ رنگ کی ایس یو وی نے رکاوٹوں کو توڑ دیا۔ وہ مغرب کی طرف سے مین اسٹریٹ کی جانب انتہائی تیزی سے آگے بڑھتی چلی گئی۔ اس نے 20 سے زائد افراد کو ٹکر مار دی۔ ان میں بعض بچے تھے اور اس حادثے کے نتیجے میں کئی جانیں بھی ضائع ہوئی ہیں۔"

سوشل میڈیا پر موجود ایک اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کار پریڈ کے مارچنگ بینڈ کو کچلتے ہوئے جا رہی ہے، جس کی وجہ سے کئی افراد زخمی ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ ایک پولیس افسر نے کار کو روکنے کی کوشش میں ڈرائیور پر فائرنگ کی۔

حادثے کی تحقیقات جاری

واؤکیشا پولیس کے سربراہ کے مطابق گیارہ بالغ مردوں اور 12بچوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تھامسن نے بتایا،"واؤکیشا پولیس نے ایک مشتبہ گاڑی بھی برآمد کی ہے۔ مختلف پہلوؤں سے اس حادثے کی تحقیقات جاری ہے۔"

USA Waukesha, Wisconsin Auto rast in Parade
تصویر: John Hart/Wisconsin State Journal via AP/picture alliance

مقامی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد پولیس نے واؤکیشا کے رہائشیوں کو گھروں کے اندر ہی رہنے کی اپیل کی کیونکہ پولیس مشتبہ افراد کو تلاش کر رہی ہے۔ پولیس سربراہ نے بتایا کہ متاثرین کو ایمبیولنس، پولیس اور متاثرین کے رشتہ داروں کی گاڑیوں میں ہسپتال پہنچایا گیا۔

ایک مقامی تاجر کرس جرمین کا کہنا تھا،"سڑک پر چھوٹے چھوٹے بچے زخمی حالت میں پڑے ہوئے تھے۔ پولیس افسران اور دیگر اہلکار بے ہوش پڑے لوگوں کو ہوش میں لانے کی کوشش کر رہے تھے۔ " انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اپنی ڈانس اسٹوڈیو کی 70 لڑکیوں کے ساتھ اس پریڈ میں شامل ہوئے تھے۔

سیاسی رہنماؤں کا اظہار رنج و غم

ایک مقامی عہدیدار انجلیٹو ٹینوریو نے بتایا کہ وہ اس وقت پریڈ میں موجود تھے، جب یہ واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے بتایا، "ہم نے ایک زور دار آواز سنی۔ اس کے بعد گاڑی سے کچل جانے والے لوگوں کے رونے اور چیخنے کی آوازیں آنے لگی۔ اس کے بعد ہم نے دیکھا کہ لوگ بھاگ رہے ہیں یا چیخ رہے ہیں۔ اس کے بعد کچھ لوگ زمین پر پڑے ہوئے دکھائی دیے جو شاید گاڑی سے کچلے گئے تھے۔"

پولیس افسر تھامسن نے کہا،" یہ انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے، بہت افراتفری ہے۔ کوئی دوسرا خطرہ بہرحال نہیں ہے۔ جائے واقعہ اب محفوظ ہے۔"

وسکانسن کے گورنر ٹونی ایورز نے اسے "انتہائی سنگدل واقعہ " قرار دیتے ہوئے ٹوئٹر پر کہا،"کیتھی اور میں واؤکیشا کے تمام بچوں، کنبوں اور اس دلخراش واقعے کے متاثرین کے ساتھ ہیں اور ان کے لیے دعاگو ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے آگے بڑھ کر متاثرین کی مدد کی،''میں ان کا مشکور ہوں۔ ہم متعلقہ محکموں سے رابطے میں ہیں اور مزید اطلاعات کے منتظر ہیں۔‘‘

ریاست کے سینیٹر ران جان اور ٹیمی بالڈون نے بھی اس حادثے پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب رواں ہفتے وسکانسن میں حالات کشیدہ رہے ہیں۔

گزشتہ سال واؤکیشا کے قریب شہر کینوشا میں سیاہ فاموں کے ساتھ پولیس کے امتیازی سلوک کے خلاف مظاہرے میں فائرنگ کر کے دو افراد کو ہلاک کرنے والے سفید فام نوجوان کائل رٹن ہاؤس کو ایک عدالت نے رواں ہفتے بری کرنے کا حکم دیا، جس پر نہ صرف وسکانسن بلکہ کئی اور امریکی شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔

ج ا/      (روئٹرز، اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں