1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ میں ڈرگ گینگز کے خلاف کریک ڈاوٴن، 300 افراد گرفتار

23 اکتوبر 2009

امریکہ میں سیکیورٹی فورسز نے منشیات کے کاروبار میں ملوث گروہوں کے خلاف اپنی نوعیت کے زبردست کریک ڈاوٴن میں صرف گزشتہ چند روز میں کم از کم تین سو سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/KDOg
تصویر: AP

ان کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں نارکوٹکس ضبط کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ اس آپریشن میں تین ہزار وفاقی ایجنٹوں اور پولیس افسران نے حصّہ لیا، جنہیں انیس امریکی ریاستوں میں ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا تھا۔’’پروجیکٹ کورونیڈو‘‘ نامی اس آپریشن کے تحت سن 2005ء سے اب تک بارہ سو سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

Eric Holder Bildergalerie Kabinett
امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈرتصویر: AP

امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے آپریشن کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے منشیات کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث گینگز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔’’اس آپریشن کے نتیجے میں غیرقانونی ڈرگس کے’لا فامیلیا‘ گروہ اور میکسیکو اور امریکہ کے درمیان ہتھیاروں اور ڈالروں کی اسمگلنگ کو زبردست دھچکا لگا ہے۔‘‘

امریکی صدر باراک اوباما اور ان کے میکسیکو کے ہم منصب کالڈیرون نے خطرناک منشیات کے کاروبار کے خاتمے کے لئے باہمی تعاون کا اعادہ کیا ہے۔ تاہم میکسیکو میں منشیات گینگز کا مقابلہ کرنے کے لئے پچاس ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے باوجود ڈرگ ٹریڈ اور اس سے جڑے پرتشّدد واقعات کی روک تھام نہیں ہوسکی ہے۔

منشیات کے کاروبار سے متعلق پرتشّدد واقعات میں صرف میکسیکو میں گزشتہ سال کے اندر پانچ ہزار سے زائد افراد کا قتل اور رواں سال کے دوران ایسے ہی واقعات میں ایک ہزار سے بھی زائد افراد کی موت ہوچکی ہے۔ ڈرگ تشّدد کے نتیجے میں سن 2006ء سے اب تک چودہ ہزار افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔ ان اعدادوشمار سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ میکسیکو میں ڈرگ ٹریڈ کس حد تک جان لیوا اور خطرناک ہے۔

تاہم میکسیکو کے اندر ڈرگ ٹریڈ کو امریکہ سے علٰیحدہ کرکے نہیں دیکھا جاسکتا ہے۔ اس حقیقت کا برملا اعتراف خود امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن بھی کرچکی ہیں۔ انہوں نے اپنے دورہء میکسیکو کے دوران کہا تھا کہ امریکہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہےکہ وہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو امریکہ سے ہتھیار اسمگل کرکے میکسیکو پہنچانے سے روکے۔’’ہم یہ اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں کہ ہم ڈرگ کارٹلز کو شکست دینے کے لئے میکسیکو حکومت اور اس کے عوام کی ہرممکن مدد کریں۔‘‘

Drogenkrieg Mexiko: Verhaftung von Arnoldo Rueda Medina
میکسیکو میں لافامیلا کے مبینہ کوآرڈینیٹر آرنولڈو رئیڈا کو رواں برس جولائی میں گرفتار کیا گیاتصویر: AP

اس سے پہلے امریکی صدر باراک اوباما بھی میکسیکو کو تعاون کا یقین دلاچکے ہیں۔ ابھی حال ہیں میں اوباما نے کہا کہ امریکہ میکسیکو سرحد پر سینکڑوں مزید سیکیورٹی اہلکاروں کو حفاظت پر معمور کررہا ہے۔’’امریکہ۔میکسیکو سرحد پر حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہم مزید اہلکاروں کو تعینات کررہے ہیں تاکہ کسٹم مسائل کو حل کیا جاسکے۔ ہم میکسیکو حکومت اور صدر کالڈیرون کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور انہیں بھرپور تعاون فراہم کررہے ہیں۔ میکسیکو کے صدر نے ڈرگ گروہوں کا مقابلہ کرنے کا غیرمعمولی اور مشکل کام اپنے ذمہ لیا ہے۔‘‘

میکسیکو حکومت نے نئے امریکی صدر باراک اوباما کے خیالات اور ڈرگ کارٹلز کا مقابلہ کرنے کے لئے نئی امریکی پالیسی کا خیر مقدم کیا ہے۔

رپورٹ: گوہر نذیر

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید