1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ کو مطلوب مشتبہ روسی جاسوس قبرص میں لاپتہ

1 جولائی 2010

قبرص کی پولیس نے کہا ہے کہ لاپتہ ہونے والے مشتبہ روسی جاسوس کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ 54 سالہ کرسٹوفر رابرٹ میٹسوس نامی یہ مشتبہ جاسوس امریکہ کو مطلوب ہے۔

https://p.dw.com/p/O7QQ
تصویر: AP

قبرصی پولیس کے مطابق کرسٹوفر رابرٹ کو ضمانت پررہا کیا گیا تھا تاہم رہائی کے بعد اس نے مقررہ وقت پر مقامی تھانے میں حاضری نہیں دی۔ پولیس کے مطابق اسے منگل کو عدالت نے اس شرط یا پابندی کے ساتھ رہائی دی تھی کہ وہ روزانہ مقامی وقت کےمطابق شام چھ بجے سے لے کر آٹھ بجے کے دوران جنوبی شہرلارناکا میں واقع ایک تھانے میں اپنی موجودگی کی رپورٹ کرے گا۔

قبرص کے حکام نے کہا ہے کہ مشبہ جاسوس کو تلاش کرنے کی تمام تر کوششیں ناکام ہو گئی ہیں، اور اب اس کی گرفتاری کے لئے وارنٹ جاری کئے جائیں گے۔

دریں اثناء قبرص میں کرسٹوفر رابرٹ کے وکیل نے کہا ہے کہ منگل کی دوپہر سے ، اس کے موکل نے اس سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔

کرسٹوفر کو منگل کے دن لارناکا کے ہوائی اڈے سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا، جب وہ بوڈاپیسٹ روانہ ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس کی گرفتاری سے ایک روز قبل ہی امریکی خفیہ ایجنسی FBI نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے جاسوسی کے شبے میں دس روسی جاسوس گرفتار کر لئے ہیں۔

Zypern Präsident Grab Sarg gestohlen
پولیس نے مشتبہ جاسوس کی تلاش شروع کر رکھی ہےتصویر: AP

کرسٹوفر کو ابتدائی تحقیقات کے بعد 29 جولائی کو امریکہ روانہ کیا جانا تھا۔ اطلاعات کے مطابق اس کے پاس امریکی پاسپورٹ تھا اور وہ دو ہفتوں سے اکیلا ہی ایک ہوٹل میں قیام پذیر تھا۔ منی لانڈرنگ کے شبے میں گرفتار کئے گئے کرسٹوفر کو26 ہزار پانچ سو یورو کی ضمانت پررہا کیا گیا تھا۔

امریکی خفیہ ادارے FBI نے جاسوسی کے الزام میں پیر کو امریکہ سے دس مبینہ روسی جاسوس گرفتار کئے۔ امریکی حکام نے کہا ہے کہ کئی سالوں کی تحقیقات کے بعد ان افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ FBI نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں، جن سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ افراد امریکی پالیسی سازاداروں تک رسائی حاصل کرنے کے بعد واشنگٹن کی خارجہ اورجوہری پالیسی سمیت کئی اہم امور کے بارے میں معلومات جمع کرنے کی کوششیں کر رہے تھے۔

دوسری طرف روسی وزیراعظم ولادیمیر پوتین نے ان گرفتاریوں پر تنقید کرتے ہوئے، امید ظاہر کی کہ اس سکینڈل سے امریکہ اور روس کے بہتر ہوتے ہوئے تعلقات کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین