1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی انتخابات میں یورپی کمپنیوں کی امریکی شاخوں کے عطیات

Michael Knigge / امجد علی8 جون 2016

امریکی کاروباری ادارے ہی نہیں بلکہ یورپی کمپنیوں کی امریکی شاخیں بھی امریکی انتخابات میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ عطیات دینے والے اداروں میں ایک سوئس بینک کے ساتھ ساتھ ایک برطانوی اسلحہ ساز ادارہ بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/1J2UD
USA Symbolbild Zinswende
موجودہ امریکی انتخابی سیزن میں بین الاقوامی کاروباری اداروں کی امریکی شاخیں اب تک عطیے کے طور پر تقریباً دَس ملین ڈالر مختلف امیدواروں کو فراہم کر چکی ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/A. Burgi

ڈی ڈبلیو کے ایک تجزیے کے مطابق موجودہ امریکی انتخابی سیزن میں بین الاقوامی کاروباری اداروں کی امریکی شاخیں اب تک عطیے کے طور پر تقریباً دَس ملین ڈالر مختلف امیدواروں کو فراہم کر چکی ہیں، جن کا ایک بڑا حصہ (8.6 ملین ڈالر) ایسی کمپنیوں نے فراہم کیا، جن کے صدر دفاتر یورپ میں ہیں۔ یورپ کے علاوہ جن پانچ ممالک کی کمپنیوں نے اب تک سب سے زیادہ عطیات دیے، وہ ہیں: جاپان (پانچ لاکھ ستانوے ہزار ڈالر)، اسرائیل (ایک لاکھ اُنسٹھ ہزار ڈالر)، کینیڈا (ایک لاکھ آٹھ ہزار ڈالر)، میکسیکو (اکسٹھ ہزار ڈالر) اور آسٹریلیا (بتیس ہزار ڈالر)۔

امریکا میں قیام کا مستقل اجازت نامہ نہ رکھنے والے غیر ملکیوں کو امریکی انتخابات میں نقد عطیات دینے کی اجازت نہیں ہے تاہم اس قانون کا اطلاق ایسی غیر ملکی کمپنیوں پر نہیں ہوتا، جن کے امریکا میں ذیلی ادارے ہوں۔ یہ ذیلی ادارے امریکی کمپنیوں ہی کی طرح باقاعدہ قانونی طور پر اپنے ملازمین کے لیے PACs یعنی پولیٹیکل ایکشن کمیٹیاں قائم کرتے ہیں، جو امریکی الیکشن کمیشن (FEC) میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہوتی ہیں۔

سوئٹزرلینڈ کی سینٹ گالن یونیورسٹی میں اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس کے اسکول کے ڈائریکٹر جیمز ڈیوس کہتے ہیں کہ پولیٹیکل ایکشن کمیٹیاں سیاسی مفادات کی تشکیل اور اظہار میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہیں:’’آج کے امریکی سیاسی منظر نامے میں آپ ایک خطیر رقم کے عطیے کے عوض اپنی آواز آگے پہنچا سکتے ہیں۔‘‘

سوئٹزرلینڈ کے بینک UBS نے امریکی کانگریس کے امیدواروں کے انتخاب کے لیے اب تک سات لاکھ اکتالیس ہزار ڈالر دیے ہیں۔ زیادہ تر عطیات ری پبلکن پارٹی کے امیدواروں کے لیے دیے گئے، جن میں سے کئی امیدواروں کے پاس آج کل کانگریس میں ایسی ذمے داریاں ہیں، جن کا براہ راست تعلق مالیاتی شعبے سے ہے۔

برطانوی اسلحہ ساز ادارہ BAE سسٹمز اب تک چارلاکھ بارہ ہزار پانچ سو ڈالر کے عطیات دے چکا ہے، جن میں سے زیادہ تر عطیات ری پبلکن پارٹی کے ایسے امیدواروں کو ملے، جو اب اسلحے سے متعلقہ کمیٹیوں میں اہم عہدوں پر براجمان ہیں۔ ادویات تیار کرنے والا فرانسیسی ادارہ Sanofi عطیات کے اعتبار سے اب تک تیسرے نمبر ہے۔

USA Repräsentantenhaus
زیادہ تر عطیات ری پبلکن پارٹی کو دیے گئے اور ایسا اس لیے کیا گیا کیونکہ کانگریس میں اُسے غلبہ حاصل ہےتصویر: Imago/M. Aurich

کیمیکل کمپنی BASF وہ سب سے بڑی جرمن کمپنی ہے، جس کے امریکا میں قائم ذیلی ادارے امریکی انتخابات کے لیے عطیات دیتے ہیں۔ اب تک ان عطیات کی مالیت تین لاکھ بارہ ہزار دو سو پچاس ڈالر بتائی جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ عطیات خوب سوچ سمجھ کر اپنے اپنے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دیے جاتے ہیں اور زیادہ تر عطیات ری پبلکن پارٹی کو اس لیے دیے گئے کیونکہ کانگریس میں اُس کا غلبہ ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید