1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی سینٹ میں کارصنعت کے لئے خصوصی امداد پر جاری بحث

9 دسمبر 2008

امریکہ میں مالیاتی بحران کے باعث ہر ادارہ حکومت کی جانب دیکھ رہا ہے۔ بینکوں اور مالیاتی اداروں کی مدد کو دیکھتے ہوئے اب امریکی کار انڈسٹری بھی حکومتی امداد اور تعاون کی طلب گار ہے۔

https://p.dw.com/p/GBml
امریکی کار ساز کمپنیاں ان دنوں شدید مالی مشکلات کا شکار ہیںتصویر: AP

امریکی سینیٹ میں پیر کے روز اس بارے میں بحث جاری رہے گی کہ آیا مالیاتی بحران کی شکار کارسازی کی ملکی صنعت کو سہارا دینے کے لیے تقریبا 15 بلین ڈالر کی فوری مدد مہیا جائے یا نہیں ۔ اسی حوالے سے وائٹ ہاؤس اور کانگریس کے ڈیموکریٹک ارکان آٹوموبائل انڈسٹری کی مدد اور ملکی اقتصادی بحران سے نکلنے کے لیے مسودہ قانون تیار کرنے کی کوششیں بھی کر رہے ہیں۔

تباہی کے دھانے پر کھڑی اس امریکی صعنت کے لیے ان رقوم کی فراہمی ابھی تک غیریقینی ہے کیونکہ نومنتخب صدر باراک اوباما کی ڈیموکریٹک پارٹی اس صنعت کے مالیاتی بیل آؤٹ کے حق میں ہے جبکہ بیشتر ری پبلیکن ارکان اس اقدام کی حمایت سے ہچکچا رہے ہیں۔

USA Finanzkrise Rettungspaket abgelehnt
امریکی سینٹ کی بیکنگ کمیٹی کے سربراہ سینیٹر ڈوڈ (بائیں) نے جنرل موٹر کے سربراہ کو مستعفی ہونے کا مشورہ دیا ہے۔تصویر: AP

بش انتظامیہ نے اکتوبر میں امریکی بازار حصص کے لیے 700 بلین ڈالر کے بیل آؤٹ کی منظوری دی تھی جسے عوام کی پذیرائی حاصل نہ ہوسکی۔ یہ بات نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج سے بھی ثابت ہوگئی۔

باراک اوباما نے اتوار کے روز شکاگو میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملک میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے اور ایسے میں کارسازی کی صنعت کو سہارا نہ دینا ناقابل قبول ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ناقدین کی یہ رائے درست ہے کہ آٹوانڈسٹری کی مدد مشروط طریقے سے کی جائے۔ باراک اوباما نے کہا:

"آٹو انڈسٹری کو اپنا طریقہ کار بدلنا ہوگا، ان سب حلقوں کو بھی ایسا ہی کرنا ہوگا جن کے مفادات اس صنعت سے وابستہ ہیں۔ افرادی قوت، منیجمنٹ، شیئرہولڈرز اور قرضہ دینے والے، سب یہ بات تسلیم کررہے ہیں کہ اس انڈسٹری کے پاس کاروبار کرنے کا کوئی پائیدار طریقہ نہیں اور اگر وہ یہ توقع کرتے ہیں کہ ٹیکس دہندگان کے پیسے سے ان کی مدد کی جائے تو انہیں ان تبدیلیوں سے بڑھ کر بھی کچھ کرنا ہوگا جو یوں بھی بیس تیس برس قبل متعارف کرائی جانا چاہئے تھیں۔

USA Wahlen Demokraten Barack Obama zu seinem Pastor
نو منتخب امریکی صدر باراک اوبامہتصویر: AP

اقتصادی ماہرین کے مطابق امریکہ میں موٹر گاڑیاں بنانے والی تین بڑی کمپنیوں کو مختصر دورانیے کا قرضہ دینے کے لیے کوئی معاہدہ طے پا بھی جائے تو اس کا قانون بننا ابھی تک یقینی نہیںِ ہے۔ ان کمپنیوں میں جنرل موٹرز، کرائیسلر اور فورڈ موٹرز شامل ہیں جنہوں نے مالی بحران سے نکلنے کے لیے امریکی کانگریس کو 34 بلین ڈالر کی ہنگامی مدد کی درخواست کی تھی۔ تاہم تجزیہ نگاروں کے مطابق اس صنعت کو اپنی بقا کے لیے تقریبا 125بلین ڈالر کی ضرورت ہے۔

اس سلسلے میں ہونے والے معاہدے کے لیے سینیٹ کی منظوری کے بعد ایوان نمائندگان کی منظوری بھی لینا ہوگی جس کے بعد قانون کے طور پر اسے حتمی توثیق کے لیے صدر بش کو بھیجا جائے گا۔