1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی ٹی وی سٹار جوڑا، بیسویں بچے کی پیدائش اپریل میں

10 نومبر 2011

امریکہ میں اپنا ایک ریئلیٹی ٹی وی شو کرنے والے ایک جوڑے نے اعلان کیا ہے کہ اس کے ہاں بیسویں بچے کی پیدائش اگلے برس اپریل میں ہو گی۔

https://p.dw.com/p/138J1
تصویر: Nikolai Sorokin-Fotolia

ریاست آرکنساس میں لٹل روک سے ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ TLC نامی ٹی وی چینل پر اپنا ایک پروگرام کرنے والے جوڑے، جم بوب اور میشیل ڈگر نے امریکی نشریاتی ادارے NBC کے پروگرام ’ٹوڈے‘ کو بتایا کہ اب تک ان کے بچوں کی تعداد 19 ہے مگر اگلے برس اپریل میں یہ دونوں امریکی شہری اپنے 20 ویں بچے کی پیدائش کی امید کر رہے ہیں۔

NBC Studios in Kalifornien
تصویر: AP

یہ جوڑا امریکہ میں ریئلیٹی ٹی وی شوز کی دنیا میں اس لیے ایک سٹار جوڑا بن چکا ہے کہ وہ سن 2008 سے TLC چینل پر اپنا ایک شو کرتا چلا آ رہا ہے۔ اس جوڑے کی مشہوری کی ایک بڑی وجہ اس کا بہت زیادہ اولاد پیدا کرنے سے عبارت سماجی رویہ ہے۔

سن 2008 میں جب جم بوب اور میشیل ڈگر نے اپنا ٹی وی شروع کیا تھا تو ان کے پروگرام کا نام تھا ’سیونٹین کڈز اینڈ کاؤنٹنگ‘۔ پھر ان کے ہاں ایک اور بچہ پیدا ہوا تواس شو کا نام ہو گیا ’اٹھارہ بچے اور گنتی ابھی جاری ہے۔‘ اس کے بعد زیادہ دیر نہ لگی کہ اس ٹی وی سٹار جوڑے کے ہاں 19 ویں بچے کی پیدائش کے بعد اس شو کا نام بدل کر ’نائنٹین کڈز اینڈ کاؤنٹنگ‘ رکھ دیا گیا۔

اب جم اور میشیل نے اپنے ناظرین کو NBC کے پروگرام ’ٹوڈے‘ میں انٹرویو کے دوران یہ کہہ کر حیران کر دیا کہ ان کے ہاں ایک اور بچہ پیدا ہونے والا ہے۔ ’’اس 20 ویں بچے کی پیدائش اگلے برس اپریل میں متوقع ہے۔‘‘

Flash-Galerie Wochenrückblick 07.2011
تصویر: picture-alliance/dpa

45 سالہ میشیل کا کہنا ہے کہ اگرچہ اپنے اب تک کے آخری بچے کی پیدائش سے قبل اسے کئی طرح کی طبی پیچیدگیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا تاہم اسے اپنے ایک بار پھر حاملہ ہونے پر کوئی تشویش نہیں ہے۔ ’’میری صحت بھی اچھی ہے اور طبیعت بھی ٹھیک ہے۔ مجھے کوئی پریشانی نہیں۔ اب ہمیں اپنے ٹی وی شو کا نام ایک بار پھر بدلنا پڑے گا۔‘‘ اس بات کا اندازہ لگانا کسی کے لیے بھی مشکل نہیں کہ اب جم اور میشیل کے ٹی وی شو کا نام ہو گا، ’بیس بچے اور گنتی ابھی جاری ہے۔‘

جم بوب اور میشیل ڈگر مسیحی عقیدے کے ایک ذیلی فرقے کے کافی مذہب پسند پیروکار ہیں اور انہوں نے اب تک اپنے 19 بچوں کے جو بھی نام رکھے ہیں، وہ سب انگریزی کے حرف J سے شروع ہوتے ہیں۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں