1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی گلف کوسٹ سمندری طوفان کے ’نشانے پر‘

27 اگست 2012

سمندری طوفان آئزک امریکی ریاست فلوریڈا کے جنوبی حصے سے ٹکرانے کے بعد گلف کوسٹ کی جانب بڑھ رہا ہے، جہاں نیو اورلینز کے علاقے سمیت طوفان کا انتباہ جاری کیا جا چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/15x4l
تصویر: AP

کیریبیئن کے بعد فلوریڈا کے جنوب میں سمندری طوفان آئزک تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے ساتھ اتوار کو ٹکرایا۔ امریکی علاقوں میں طوفان کے باعث خلیج میکسیکو میں تیل کی پیداوار اور ٹیمپا میں ہونے والے رپبلکن نیشنل کنونشن میں خلل کا خدشہ ہے۔

امریکی نیشنل ہریکن سینٹر کے مطابق آئزک مضبوط ہوتے ہوئے درجہ دوم کے سمندری طوفان میں بدل سکتا ہے اور ہفتے کے وسط تک گلف کوسٹ میں فلوریڈا اور لوئزیانا کے درمیان کسی جگہ ٹکرا سکتا ہے۔ یہ سمندری طوفان کترینا کے سات برس مکمل ہونے کا وقت ہو گا۔

نیو اورلینز سمیت لوئزیانا سے فلوریڈا پین ہینڈل تک گلف کوسٹ کے لیے طوفان کا انتباہ جاری کر گیا ہے۔ 29 اگست 2005ء کو کترینا طوفان انہی علاقوں سے ٹکرایا تھا۔ اس کے نتیجے میں 18 سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ گلف کوسٹ میں املاک اور کاروبار کو بھاری مالی نقصان پہنچا تھا۔

لوئزیانا میں گورنر بوبی جندل نے ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نیو اورلینز کے حال ہی میں بنائے گئے ساڑھے چودہ ارب ڈالر مالیت کے فلڈ ڈیفنس سسٹم کے باہر واقع 15 نشیبی علاقوں کے لیے پیر تک لازمی انخلاء کے احکامات جاری کیے جا سکتے ہیں۔

5 Jahre Hurrikan Katrina NO FLASH
سمندری طوفان کترینا کے بھی سات برس پورے ہو رہے ہیںتصویر: AP

جندل کا کہنا ہے: ’’ایسی کوئی چیز نہیں جو اس طوفان کو مضبوط سے مضبوط تر ہونے سے روکے۔‘‘

میسیسیپی کے گلف کوسٹ میں شہریوں نے خوراک ذخیرہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے گھروں کو محفوظ بنانا شروع کر دیا ہے۔

گلف پورٹ کے سیمز کلب میں خریداری کرنے والی لِنڈی اسٹیورٹ نے بتایا کہ اسٹور لوگوں سے بھرا ہے اور وہ اسے خالی کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کھانے پینے کی ایسی اشیا خریدی ہیں، جن پر بجلی کی عدم دستیابی کی صورت میں کچھ دِنوں تک گزارہ کیا جا سکا۔

دوسری جانب ریپبلکن حکام نے تین روزہ کنونشن کو محدود کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم یہ بھی کہا ہے کہ کنونشن ضرور ہو گا۔ اس صدارتی کنونشن میں ریپبلکن صدارتی اُمیدوار مِٹ رومنی کا چھ نومبر کے انتخابات کے لیے صدر باراک اوباما کے مقابل باقاعدہ اُمیدوار کے طور پر اعلان کیا جائے گا۔

پارٹی حکام نے کہا ہے کہ تبدیلی کے باوجود مِٹ رومنی اور ان کی اہلیہ این کی تقاریر طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوں گی۔

ng / ah (Reuters, AFP)