1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امپائر کے فیصلے پر ناپسندیدگی، بھارتی کھلاڑی کو جرمانہ

22 جون 2011

بھارتی لیگ سپنر امیت مشرا کو امپائر کے فیصلے کے خلاف اپنا عدم اطمینان ظاہر کرنے اورناپسندیدگی کے اظہار پر جرمانہ کر دیا گیا ہے۔ جو ان کی میچ فیس کا بیس فیصد ہے۔

https://p.dw.com/p/11hHj
بھارتی لیگ سپنر امیت مشراتصویر: AP

بھارتی قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں ویسٹ انڈیز کے دورے پر ہے، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا جا رہا ہے۔ کنگسٹن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق بین الاقوامی کرکٹ کونسل آئی سی سی نے آج بدھ کے روز بتایا کہ مشرا کا رویہ درست نہیں تھا اور اس لیے انہیں جرمانہ کیا گیا ہے۔

اس میچ میں امپائر نے مشراکو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہونےکا فیصلہ دیا تھا لیکن امیت مشرا نے امپائر کے اس فیصلے کے بعد واپس پویلین جانے میں کافی دیر لگا دی اور اس دوران کریز پر ہی کھڑے رہے۔

UNI Fotos Virender Sehwag, Gautam Gambhir und Amit Mishra
تصویر: UNI

اس میچ میں امپائرز کی طرف سے اس بھارتی لیگ سپنر پر لگائے جانے والے الزامات میں یہ بھی کہا گیا کہ مشرا نے کریز چھوڑنے سے پہلے اپنے بازو پر پہنے ہوئے آرم گارڈ کی مدد سے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے امپائر کے خلاف اشارہ بھی کیا تھا۔

امپائر کی اس شکایت کے بعد آئی سی سی کے میچ ریفری جیف کرو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’ بیٹسمین آؤٹ ہونے کے بعد کریز چھوڑنے کے لیےاب بہت زیادہ وقت لینے لگے ہیں۔ ان کی طرف سے ناپسندیدگی کا اظہار چاہے قابل فہم بھی ہو، یہ امپائرز کے حوالے سے احترام کی کمی کا اشارہ بہر حال دیتا ہے۔‘‘

جیف کرو کے مطابق ICC کے کوڈ میں واضح طور پر لکھا ہے کہ ایسا کوئی بھی رویہ ناقابل قبول ہے۔ آئی سی سی کے اس بیان کے مطابق یہ واقعہ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پیش آیا ۔ کل منگل کو دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر مشرا کو جرمانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جسے آئی سی سی کے بیان کے مطابق امیت مشرا نے اپنی غلطی قبول کرتے ہوئے تسلیم بھی کر لیا ہے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں