1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’امید کی علامت‘ ماکروں کا برلن میں شاندار استقبال

16 مئی 2017

پیر کی شام فرانس کے نئے صدر ایمانوئل ماکروں جرمن دارالحکومت برلن پہنچے۔ اس موقع پر سینکڑوں افراد ان کا والہانہ استقبال کرنے کے لیے موجود تھے۔

https://p.dw.com/p/2d1f3
Angela Merkel Emmanuel Macron Berlin
تصویر: Reuters/P.Kopczynski

ایمانوئل ماکروں نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ انتہائی خوش گوار ماحول میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے ماکروں نے اپنے سیاسی منصوبوں کی بھرپور انداز میں وکالت کی۔ اس موقع پرانہوں نے کہا کہ بطور صدر انہیں جو بہت اہم کام کرنا ہیں، ان میں فرانس میں ضروری اصلاحات متعارف کرانا بھی ایک بڑی ترجیح ہے۔

میرکل اور ماکروں کی ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مل کر یورپی یونین کو ایک نئی تحریک دینے کی بھرپور کوششیں کریں گے۔ اس موقع پر جرمن چانسلر میرکل نے کہا کہ وہ جرمنی کے اور ماکروں فرانس کے مفادات کی نمائندگی کرتے ہیں لیکن جرمنی اور فرانس کے مفادات ایک دوسرے سے اور یورپی یونین سے بھی بہت حد تک جُڑے ہوئے ہیں۔

Antrittsbesuch des französischen Präsidenten Macron
انتہائی خوش گوار ماحول میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے ماکروں نے اپنے سیاسی منصوبوں کی بھرپور انداز میں وکالت کیتصویر: picture alliance/dpa/M.Kappeler

برلن پہنچنے پر ماکروں کا استقبال  فوجی اعزاز کے ساتھ کیا گیا۔ میرکل نے انتہائی پرتپاک انداز میں اپنے مہمان کو خوش آمدید کہا اور اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے گرمجوشی سے مصافحہ بھی کیا۔

میرکل نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں رہنماؤں نے فرانس جرمن روابط کو ایک نئی تحریک دینے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرانس میں جولائی میں ہونے والی عام انتخابات کے بعد دونوں ممالک کے وزراء کا ایک اجلاس بھی منقعد کیا جائے گا۔

ماکروں  یورپی یونین کے حامی ہیں اور انہوں نے صدر بننے کے ساتھ ہی اس اتحاد کو مزید مضبوط کرنے کی بات کی تھی۔ انتخابات جیتنے کے فوراﹰ بعد  انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے لیے جرمنی جائیں گے۔