1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اندرا گاندھی کے لیے بعد از مرگ بنگلہ دیشی ایوارڈ

26 جولائی 2011

بنگلہ دیشی حکومت نے آنجہانی بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے لیے اس ملک کو 1971ء میں پاکستان سے آزادی دلوانے میں ان کے تعاون اور کوششوں کے اعتراف میں بنگہ دیش کا اعلیٰ ترین سرکاری اعزاز دینے کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/123FI
تصویر: DW

فریڈم آنر یا اعزازِ آزادی دیے جانے کے لیے منعقدہ تقریب میں شرکت کے لیے اندرا گاندھی کی بہو اور بھارت میں حکمران جماعت کانگریس پارٹی کی موجودہ سربراہ سونیا گاندھی خاص طور پر ڈھاکہ گئیں۔ اس تقریب سے اپنے خطاب میں سونیا گاندھی نے کہا، ’اگر آج اندرا گاندھی زندہ ہوتیں، تو یقیناﹰ آپ کی طرف سے دیے گیے اس اعزاز کو ذاتی طور پر وصول کر کے انہیں بہت خوشی ہوتی۔‘‘

سونیا گاندھی نے اندرا گاندھی کے لیے یہ اعزاز بنگلہ دیشی صدر ظل الرحمان سے ملکی دارالحکومت ڈھاکہ میں وصول کیا۔

اندرا گاندھی بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کے اچھے دوستوں میں سے ایک تھیں اور سن 1971ء میں پاکستان کے خلاف آزادی کی تحریک کے آغاز کے بعد ان کی کانگریس حکومت نے فوجی کارروائی کے ذریعے بنگلہ دیش کی پاکستان سے آزادی میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

Sonia Gandhi in Dhaka
سونیا گاندھی بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد سے ملاقات کے دورانتصویر: DW

اس موقع پر بنگلہ دیشی کابینہ کے سیکرٹری عبدالعزیز نے کہا، ’’یہ اعزاز اندرا گاندھی کی براہ راست مدد، تعاون اور اچھوتی کوششوں کا اعتراف ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی کی قیادت میں بھارت میں کانگریس پارٹی کی حکومت نے سن 71 کی جنگ کی وجہ سے بھارت کا رخ کرنے والے 10 ملین مہاجرین کو بھی پناہ دی تھی جبکہ بنگلہ دیش کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کرانے میں بھی انہوں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

بنگلہ دیش نے اپنی آزادی کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر 47 غیر ملکیوں کو اپنی ریاستی آزادی کے لیے کوششوں کے صلے میں اعزازات دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں اندرا گاندھی وہ پہلی غیر ملکی شخصیت ہیں، جنہیں بعد از مرگ یہ اعزاز دے بھی دیا گیا ہے۔ ڈھاکہ میں حکام کے بقول باقی شخصیات کو یہ اعزازات سال رواں کے اواخر میں دیے جائیں گے۔

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے ترجمان عبدالکلام نے فرانسیسی خبر رساں ادارے AFP سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ’ہماری آزادی میں اندرا گاندھی کی عظیم اور غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں انہیں بنگلہ دیش کے اس سب سے بڑے قومی اعزاز کا حقدار سمجھا گیا ہے۔‘‘

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں