1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انسداد بدعنوانی کے وزیر ’بدعنوانی‘ کی وجہ سے ہی مستعفٰی

عدنان اسحاق31 مئی 2016

برازیل میں صدر دلما روسیف کی مواخذے کی کوششیں کامیاب ہو چکی ہیں اور انہیں عارضی طور پر معطّل کیا جا چکا ہے۔ اسی دوران انسداد بدعنوانی کے وزیر کو ایک فون کال کے منظر عام پر آنے کے بعد اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Ixq8
تصویر: picture alliance/AP Photo/E. Peres

برازیل میں بدعنوانی کے خاتمے کے وزیر فابیانو سلویرا کی کچھ ریکارڈنگز منظرِ عام پر آئی تھیں، جن سے پتہ چلتا تھا کہ انہوں نے معدنی تیل کی ریاستی کمپنی پیٹروبراس سے متعلق کرپشن کے ایک بڑے اسکینڈل پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔ یہ ریکارڈنگز نشریاتی ادارے گلوبو نے جاری کی ہیں، جس میں فابیانو سلویرا سینیٹ کے سربراہ رینان کالہیریئوس کو بتا رہے کہ ہیں جاری تفتیشی عمل کے خلاف مزاحمت کس طرح کی جا سکتی ہے۔

اس کے علاوہ سلویرا کی ایک اور ریکارڈنگ بھی سامنے آئی ہے، جس میں وہ پیٹرو براس کے ایک ذیلی ادارے ٹرانسپیرٹو کے صدر سیرجیو ماخادو سے بھی بات کر رہے ہیں۔ اس دوران ان کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے،’’رستے ہوئے خون کو روکنے کے لیے حکومت کی تبدیلی ضروری ہے۔‘‘ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہاں ان کی مراد جاری تفتیشی عمل سے ہے۔ ماخادو اور کالہیریئوس سے بھی بدعنوانی کے معاملات میں تفتیش کی جا رہی ہے۔

Brasilien Dilma Rouseff
تصویر: picture-alliance/AP Photo/E. Peres

برازیل میں بارہ مئی کو دلما روسیف کو چھ ماہ کے لیے ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ روسیف کی معطّلی کے بعد اقتدار مشیل تیمر کو سونپا گیا ہے۔ عبوری صدر تیمر نے ابھی حال ہی میں فابیانو سلویرا کو ملک میں بدعنوانی کے خاتمے کی وزارت کا قلمدان سونپا تھا۔ دو ہفتوں سے قائم نئی حکومت میں وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہونے والے دوسرے وزیر ہیں۔ گزشتہ ہفتے پلاننگ کے وزیر ’رومیرو جوکا‘ کو بھی اسی طرح کی ریکارڈنگ کے باعث اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔