1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’انضمام الحق نئے چیف سلیکٹر کے روپ میں‘

عاطف بلوچ16 اپریل 2016

پاکستان کے مایہ ناز سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا چیف سلیکٹر بنائے جانے کی خبروں پر وقار یونس نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انضمام اس وقت افغانستان قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی ذمہ دارایاں نبھا رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1IWzu
Pakistan Cricket
تصویر: DW/T. Saeed

افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے سربراہ شفیق ستانکزئی کے بقول پاکستان کرکٹ بورڈ (پی بی سی) کے چیئرمین شہریار خان نے انہیں کہا ہے کہ انضمام الحق کو ریلیز کر دیا جائے کیونکہ وہ انہیں پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کا نیا چیف سلیکٹر بنانا چاہتے ہیں۔

ستانکزئی کے اس بیان سے ایسی تمام تر قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا ہے کہ پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کا نیا چیف سلیکٹر کسے بنایا جا رہا ہے۔ تاہم ابھی تک انضمام الحق نے اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ لیکن پی بی سی کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ انضمام کو اس عہدے کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے اور وہ چند دنوں میں اپنی نئی ذمہ دارایاں سنبھال سکتے ہیں۔

قبل ازیں ایسی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ اس عہدے کے لیے سابق کرکٹر راشد لطیف، اقبال قاسم اور محسن خان کے نام زیر غور ہیں۔ ایشیا کپ اور عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ میں بری کارکردگی پاکستانی کرکٹ میں ایک بھونچال کا باعث بنی۔ کوچ وقار یونس اور ٹی ٹوئنٹی کے کپتان شاہد آفریدی نے استعفے دے دیے تھے جبکہ سلیکشن بورڈ بھی تحلیل کر دیا گیا تھا۔

Pakistan Inzamam-ul-Haq Cricketspieler
انضمام اس وقت افغانستان قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی ذمہ دارایاں نبھا رہے ہیںتصویر: Getty Images

ستانکزئی نے ESPNCricinfo کو بتایا، ’’آج شہر یار خان نے مجھے فون کیا اور گزارش کی کہ انضمام الحق کو ریلیز کر دیا جائے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ ان کی خدمات چاہتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ افغانستان ٹیم کے ساتھ انضمام کا کانٹریکٹ رواں برس کے اختتام تک ہے لیکن اے سی بی انہیں ریلیز کرنے پر رضا مند ہے۔

اس پیشرفت پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا، ’’مجھے خوشی ہے کہ پی سی بی میری اس تجویز پر غور کر رہی ہے، جو میں نے 2015ء میں دی تھی‘‘۔

اپنے عہدے سے سبکدوش ہوتے ہوئے بھی وقار یونس نے کہا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کا چیف سیلیکٹر کسی ایسے شخص کو بنانا چاہیے، جو کرکٹ کو اچھی طرح سمجھتا ہو۔ انہوں نے انضمام الحق کا نام بھی تجویز کیا تھا۔

جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں پیدا ہونے والے انضمام الحق نے پاکستان کے لیے ایک سو بیس ٹیسٹ میچوں اور تین سو اٹھانوے ایک روزہ میچوں میں نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے گزشتہ برس ہی افغانستان قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سنبھالی تھی۔