1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انٹرنيٹ کا استعمال ترقی پذير دنیا ميں مغرب سے زيادہ

12 اکتوبر 2010

دنيا کے بہت سے ممالک ميں انٹرنيٹ کی عادات اور استعمال سے متعلق طرز عمل پر کی گئی تحقيق سے يہ معلوم ہوا ہے کہ ترقی پذير معاشرے انٹرنيٹ اور ڈيجيٹل ٹیکنالوجی کا استعمال مغربی ملکوں سے زيادہ کر رہے ہيں۔

https://p.dw.com/p/PbYe
مغربی ممالک میں انٹر نیٹ ایک اہم ضرورت بن چکا ہےتصویر: Fotolia/Franz Pfluegl

انٹرنيٹ کے استعمال يعنی آن لائن عادات پر اب تک کے سب سے بڑے عالمی تحقيقی مطالعے کے مطابق چين اور مشرق وسطیٰ کے ممالک ميں انٹرنيٹ کا استعمال مغربی ممالک سے کہيں زیادہ بڑھ گيا ہے۔

گلوبل ريسرچ فرم TNS نے اپنی Digital Life Study کے دوران يہ بھی پتہ چلايا ہے کہ ملائيشيا کے انٹرنيٹ صارفين معاشرتی رابطوں ميں سب سے زيادہ پيش پيش ہيں اور اُن ميں سے ہر ايک کے اوسطاً 233 دوست ہيں جبکہ سب سے کم رابطے رکھنے والے جاپانی ہيں، جن کے انٹرنيٹ دوستوں کی اوسط صرف 29 بنتی ہے۔

TNS کے مطابق يہ لوگوں کے انٹرنيٹ طرز عمل اور عادات کا سب سے بڑا عالمی ريسرچ پروجيکٹ ہے، جس کے دوران 46 ممالک ميں انٹرنيٹ استعمال کرنے والے 50 ہزار افراد کے انٹرويو کئے گئے۔ ترقیاتی امور سے متعلق TSN کے اعلیٰ ترین عہدیدار ميتھيو فروگيٹ نے کہا کہ اس مطالعے ميں کسی بھی دوسرے مطالعے سے دوگنا زیادہ منڈيوں کا احاطہ کيا گيا ہے اور يہ آن لائن مصروفيات کی پہلی حقيقی عالمی ريسرچ ہے۔

Iranischer Blog Bayramali
ايک ايرانی بلاگتصویر: www.bayramali.blogfa.com

اس ريسرچ سے معلوم ہوا ہے کہ دينا کی تيزی سے بڑھتی ہوئی منڈيوں ميں انٹرنيٹ کا استعمال اور ڈيجيٹل مصروفيات، مغربی ملکوں کی پُختہ اور پرانی منڈيوں ميں انٹرنيٹ کے جديد تر ڈھانچے کے باوجود اب اُن کے مقابلے ميں بہت زيادہ ہیں۔ مصر اور چين ميں ڈيجيٹل ٹیکنالوجی کا استعمال جاپان، ڈنمارک يا فن لينڈ جيسی پختہ منڈيوں سے کہيں زيادہ ہے۔

TNS کے ڈائریکٹر جيمز فرگوسن نے کہا کہ ايشيا ميں انٹرنيٹ ترقی يافتہ مغربی منڈيوں کے مقابلے ميں کہيں زيادہ انتقاليت پسند ہے جبکہ مغربی منڈيوں ميں انٹرنيٹ کا استعمال زيادہ تر رسمی اور عملی نوعيت کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ يہ ہے کہ انٹرنيٹ ثقافتی، سماجی اور سياسی رکاوٹوں کو کم کر کے ذاتی اظہار خيال کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ريسرچ سے ظاہر ہوتا ہے کہ چين ميں 88 فيصد اور برازيل ميں 51 فيصد انٹرنيٹ صارفين کے خود اپنے بلاگز يا فورم ہيں جبکہ امريکہ ميں اُن کا تناسب صرف 32 فيصد ہے۔ فرگوسن نے کہا کہ ملائيشيا کے انٹرنيٹ صارفين آن لائن دوستياں کرنے ميں بہت کھلا ذہن رکھتے ہيں جبکہ جاپانی آن لائن دوستوں کو منتخب کرنے ميں زيادہ محتاط ہيں۔

China Internet Schriftart
بيجنگ ميں ايک انٹرنيٹ کيفےتصویر: picture alliance/dpa

اس عالمی تحقيقی مطالعے سے يہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ دنيا ميں روايتی ميڈيا کی طرف سے رجحان مسلسل کم ہو رہا ہے۔61 فيصد انٹرنيٹ صارفين روزانہ انٹرنيٹ استعمال کرتے ہيں جبکہ روزانہ ٹيلی وژن ديکھنے والوں کا تناسب 54 فيصد اور ريڈيو سننے والوں کا تناسب 36 فيصد ہے۔

رپورٹ: شہاب احمد صدیقی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں