1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈر ٹونٹی ورلڈ کپ: کوارٹر فائنل شروع

رپورٹ:عابد حسین ، ادارت : امجد علی10 اکتوبر 2009

فٹ بال کے بین الاقوامی ادارے فیفا کا انڈر ٹونٹی عالمی کپ اب سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ کوارٹر فائنل سلسلے کے پہلے دو میچ مکمل ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/K3RK
تصویر: picture-alliance / Pressefoto UL

مصر میں جاری انڈر ٹونٹی کے عالمی کپ کے دو مزید کوارٹر فائنل میچ ہفتہ دَس اکتوبر کو کھیلے جائیں گے، جن میں سے ایک جرمنی اور برازیل کے درمیان ہے۔

جمعے کو کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میں گھانا کے نوجوان کھلاڑیوں نے زور دار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو کے مقابلے میں تین گولوں سے فتح حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ حاصل کر لی ہے۔ کوریا کے ساتھ گھانا کے میچ میں دونوں ٹیمیں نے یوں تو عمدہ کھیل پیش کیا لیکن توقع یہ کی جا رہی تھی کہ کوریا یہ میچ جیت جائے گا۔ اِس کا اندازہ اِس بات سے بھی ہوتا ہے کہ میچ کے دوران گیند پر چونسٹھ فی صد کنٹرول کوریائی کھلاڑیوں کے پاس رہا اور گیند پر چھتیس فیصد قبضہ گھانا کے فٹ بالرز کے پاس تھا۔ کوریا نے گھانا کے گول پر حملوں کے دوران چار کارنر بھی حاصل کئے لیکن گھانا کی جانب سے تیسرا گول کرنے کے بعد کوریائی کھلاڑی میچ برابر کھیلنے میں ناکام رہے۔ گھانا کی ٹیم وقفے پر بھی ایک گول سے آگے تھی، جس کو بعد میں کوریائی ٹیم نے برابر کر دیا تھا لیکن تیسرے گول کے بعد گھانا کا دفاع نہایت شاندار رہا۔

جمعے کے دِن دوسرا کوارٹر فائنل ہنگری اور اٹلی کی انڈر ٹونٹی ٹیموں کے درمیان تھا۔ اِس میچ میں کھیل کا خرام کچھ اتنا تیز نہیں تھا، جتنی توقع کی جا رہی تھی۔ ہنگری کی جانب سے پہلا گول میچ کے دوسرے منٹ پر ولادی میر کومان نے پنلٹی شارٹ پر کیا۔ مجموعی طور پر دونوں ٹیمیں دفاعی حکمت عملی کے ساتھ کھیل رہی تھیں اور ایسے میں اگر گیند نکالنے میں کوئی کھلاڑی آگے بڑھ جاتا تھا، وہ اٹیک میں شمار ہوتا تھا۔ ہنگری کی ٹیم نے جو ایک گول کیا تھا، اُس کا دفاع اُس نے ستر منٹ سے بھی زائد عرصے تک کیا لیکن بعد میں اٹلی کے انڈر ٹونٹی کھلاڑیوں نے متواتر کوشش کے بعد گول کر کے میچ برابر کر دیا۔

FIFA Logo
فیفا کا نشانتصویر: APTN

نوے منٹ تک میچ برابری پر ختم ہوا۔ بعد میں اضافی وقت کا پہلا حصہ بھی برابری پر رہا اور دوسرے پندرہ منٹوں میں کھیل دیکھنے کے لائق تھا۔ ہنگری نے پہلے برتری حاصل کی۔ اِس کو ایک منٹ بعد ہی اٹلی کے کھلاڑی بوناوینچورا نے انفرادی کوشش سے برابر کر دیا۔ میچ ختم ہونے سے تین منٹ قبل ہنگری کے فارورڈ کرسٹیان نیمت نے اپنی برق رفتاری کے ساتھ میچ کا تیسرا گول کر دیا اور یہی میچ وننگ گول تھا۔ سیمی فائنل میں ہنگری کا مقابلہ اب گھانا کی ٹیم سے ہوگا، جو تیرہ اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ ہنگری کی جانب سے دوسرا گول بھی کرسٹیان نیمت نے کیا تھا۔

میچ کے دوران دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا اور کئی کھلاڑیوں کو کولمبیا سے تعلُق رکھنے والے ریفری آسکر روئیس کی جانب سے آٹھ بار زرد کارڈ دکھایا گیا۔ دونوں ٹیموں کے ایک ایک کھلاڑی کو سرخ کارڈ بھی دکھایا گیا۔ اٹلی کے فرانسسکو بینی کو میچ میں دو بار زرد کارڈ کھایا گیا، جو ایک سرخ کارڈ کے برابر تھا۔

آج ہفتہ دَس اکتوبر کو دو اور کوارٹر فائنل میچوں میں دلچسپی کا حامل جرمنی اور برازیل کا میچ ہے جبکہ کوسٹا ریکا اور متحدہ عرب امارت کے درمیان میچ بھی دلچسپی کا حامل ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ مصر کے شائقین یقینی طور پر متحدہ عرب امارت کی ٹیم کی حمایت کریں گے۔