1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈونیشیا میں شدید زلزلہ

17 نومبر 2008

انڈونیشیا میں زلزلے کے شدید جھٹکوں سے کم از کم چار افراد ہلاک اور ساٹھ زخمی ہو گئے جبکہ اس زلزلے سے سینکڑوں مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ حکام نے سونامی وارننگ جاری کی جو بعد میں واپس لے لی گئی۔

https://p.dw.com/p/FwTz
سن دو ہزار چار میں سونامی سے انڈونیشیا میں لاکھوں افراد متاثر ہوئے تھےتصویر: AP

انڈونیشیا کے شمالی جزیرے سولاواسی میں ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت سات اعشاریہ پانچ ریکارڈ کی گئی۔ جھٹکوں سے متعدد مکانات تباہ ہو گئے جس کے فوراً بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی جسے کچھ دیر بعد واپس لے لیا گیا۔ متاثرہ علاقوں میں آفٹر شاکس کا سلسلہ ابھی جا ری ہے۔

امریکی محکمہ برائے ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ساحلی قصبے گورنٹالو سے چوراسی میل دور اکیس کلو میٹر گہرائی میں تھا۔ پیسفک سونامی وارننگ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ زلزلے، سمندر میں تباہ کن سونامی کا باعث بن سکتے ہیں۔

انڈو نیشین جزیروں کا سلسلہ پیسفک رنگ آف فائر کے نام سے جانا جاتا ہے اور یہاں روزانہ کی بنیاد پر زمین پلیٹس کی حرکات ریکارڈ کی جاتی ہیں۔