1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلینڈ کو شکست دے سکتے ہیں، مصباح الحق

24 دسمبر 2011

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی ٹیم آئندہ ماہ ہونے والی سیریز میں انگلینڈ کو شکست دے سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/13YiV
کپتان مصباح الحقتصویر: DW

لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے ساتھ مقابلہ ان کی ٹیم کے لیے ایک کڑا امتحان ہو گا۔ انہوں نے کہا، ’’انگلینڈ کے ساتھ سیریز اہم ہونے کے ساتھ ساتھ سخت بھی ہے۔ انگلینڈ دنیا کی بہترین کرکٹ ٹیم ہے تاہم اگر ہم نے اپنی موجودہ فارم برقرار رکھی اور منظم انداز میں کھیلے تو ہم اسے شکست دے دیں گے۔‘‘

پاکستان کی ٹیم حال ہی میں بنگلہ دیش کو دو ٹی ٹوئنٹی میچوں، تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں اور دو ٹیسٹ میچوں میں شکست دینے کے بعد وطن واپس لوٹی ہے۔ رواں برس پاکستانی ٹیم کے لیے کافی بہتر ثابت ہوا ہے جس میں اس نے پانچ ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی اور پانچ روزہ اور محدود اوورز کے میچوں سے کسی ایک میں بھی شکست کا سامنا نہیں کیا۔

Flash-Galerie Cricket Shahid Afridi
پاکستان نے حال ہی میں بنگلہ دیش کو ٹونٹی ٹونٹی، ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں شکست دی ہےتصویر: AP

مصباح الحق نے کہا، ’’بعض اچھے نتائج کے باوجود ہمیں اپنی بعض غلطیوں پر قابو پانے کی ضرورت ہے اور انتظامیہ اور کھلاڑی دونوں ہی ان پر قابو پانے کے لئے کوشاں ہیں۔‘‘

پاکستان نے اکتوبر اور نومبر میں متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کو ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر اور ایک روزہ میچوں میں چار ایک سے مات دی تھی۔

مصباح الحق 2010ء میں دورہ ء انگلینڈ کے دوران اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد ٹیسٹ کپتان بنے تھے۔ اس اسکینڈل کے نتیجے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑی سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف برطانیہ میں جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

Cricket Spieler aus Sri Lanka werden nach Anschlag in Lahore Pakistan mit Helicopter evakuiert
مارچ 2009ء میں لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان میں کوئی بھی بین الاقوامی ٹیم میچ کھیلنے نہیں آئیتصویر: AP

سن 2009ء میں پاکستان کے شہر لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان کو اپنے تمام میچ نیوٹرل مقامات پر کھیلنا پڑ رہے ہیں۔ اسی وجہ سے انگلینڈ کے ساتھ ہونے والی سیریز بھی متحدہ عرب امارات میں منعقد کی جا رہی ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ تین ٹیسٹ میچوں، چار ایک روزہ میچوں اور تین ٹونٹی ٹونٹی میچوں میں مد مقابل ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 17 جنوری کو دبئی میں ہو گا۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں