1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما۔عباس ملاقات: امریکہ دو ریاستی حل کے حق میں

گوہر نذیر گیلانی29 مئی 2009

عباس کی امید وں اور توقعات کے عین مطابق امریکی صدر باراک اوباما نے ایک مرتبہ پھر نہ صرف یہودی بستیوں کی تعمیر روکنے پر زور دیا بلکہ علیحدہ فلسطینی ریاست کے قیام کو بھی مستقل امن کے لئے لازمی قرار دیا۔

https://p.dw.com/p/Hzkf
وائٹ ہاوٴس میں امریکی صدر باراک اوباما نے فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس کے ساتھ اہم ملاقات کیتصویر: AP

نئی امریکی انتظامیہ اسرائیل۔ فلسطین تنازعہ کے حل کے حوالے سے سنجیدہ کوششیں کرتی نظر آرہی ہے۔ صدر بننے کے بعد سے باراک اوباما نے جمعرات کے روز پہلی مرتبہ فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس کے ساتھ واشنگٹن میں ملاقات کی۔

فلسطینی رہنما اس امید اور توقع کے ساتھ واشنگٹن کے دورے پر آئے تھے کہ امریکہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں مزید یہودی بستیوں کی تعمیر بند کرنے سے متعلق اسرائیل پر مزید دباوٴ ڈالے گا۔ عباس کی امید وں اور توقعات کے عین مطابق امریکی صدر باراک اوباما نے ایک مرتبہ پھر نہ صرف یہودی بستیوں کی تعمیر روکنے پر زور دیا بلکہ علیحدہ فلسطینی ریاست کے قیام کو بھی مستقل امن کے لئے لازمی قرار دیا۔

Barak Obama und Mahmoud Abbas
اوباما نے ایک مرتبہ پھر نہ صرف یہودی بستیوں کی تعمیر روکنے پر زور دیا بلکہ علیحدہ فلسطینی ریاست کے قیام کو بھی مستقل امن کے لئے لازمی قرار دیاتصویر: picture-alliance/ dpa

اوباما نے قیام امن کے تعلق سے صدر محمود عباس کی کوششوں کی بھرپور ستائش کی۔ امریکی صدر نے کہا کہ انہیں اس بات کا بھرپور اندازہ ہے کہ فلسطین میں متحدہ حکومت قائم کرنے کے حوالے سے محمود عباس کو زبردست مشکلات اور دباوٴ کا سامنا ہے۔

عباس کے ساتھ ملاقات کے بعد اوباما نے ایک بار پھر مشرق وسطیٰ میں مستقل اور پائیدار امن کے حوالے سے دو ریاستی حل کی بھرپور حمایت کی۔

Obama und Netanjahu
گُذشتہ ہفتے اوباما نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو پر زور دیا تھا کہ وہ مشرق وسطیٰ تنازعے کے حل کے لئے دو ریاستی حل پر راضی ہوجائیں تاہم نیتن یاہو علیحدہ فلسطینی ریاست کے حق میں نہیں ہیںتصویر: AP

گُذشتہ ہفتے اوباما نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو پر زور دیا تھا کہ وہ مشرق وسطیٰ تنازعے کے حل کے لئے دو ریاستی حل پر راضی ہوجائیں تاہم نیتن یاہو علیحدہ فلسطینی ریاست کے حق میں نہیں ہیں۔ اوباما نے نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات میں ان سے واضح طور پر کہا تھا کہ علیحدہ فلسطینی ریاست کا وجود خطّے کے امن کے لئے ضروری ہے۔

’’میں نے پہلے بھی کہا اور میں یہ بات ایک بار پھر دہرانا چاہتا ہوں کہ دو ریاستی حل میرے خیال میں نہ صرف فلسطینیوں کے لئے، بلکہ اسرائیل، امریکہ اور بین الاقوامی برادری کے بھی مفاد میں ہے۔ دو ایسی ریاستیں، جن میں فلسطینی اور اسرائیلی امن اور سلامتی کے ماحول میں ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر زندگی بسر کرسکیں۔‘‘

اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن دوٹوک الفاظ میں یہ کہہ چکی ہیں کہ امن عمل کی کامیابی کے لئے اسرائیل کو تمام یہودی بستیوں کی توسیع کا کام بند کردینا ہوگا۔

Hillary Clinton gegen Barak Obama
امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن دوٹوک الفاظ میں یہ کہہ چکی ہیں کہ امن عمل کی کامیابی کے لئے اسرائیل کو تمام یہودی بستیوں کی توسیع کا کام بند کردینا ہوگاتصویر: AP

’’صدر اوباما نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو پر حال ہی میں وائٹ ہاوٴس میں ہونے والی ملاقات میں یہ واضح کردیا تھا کہ تمام یہودی بستیوں کی تعمیر بند ہونی چاہیے۔‘‘ کلنٹن نے کہا کہ یہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لئے ضروری ہے۔

’’جب وزیر اعظم نیتن یاہو یہاں آئے تو صدر اوباما نے اُن سے صاف طور پر کہا کہ وہ مزید یہودی بستیوں کی تعمیر نہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہمارا خیال ہے کہ ایسا کرنا ان تمام کوششوں کے مفاد میں ہے، جو ہم مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لئے کررہے ہیں۔‘‘

اسرائیل نے تاہم مقبوضہ علاقوں میں تمام یہودی بستیوں کی تعمیر روکنے سے متعلق امریکی مطالبے کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔ اسرائیلی حکومت کے ترجمان مارک ریگیو نے کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم یہودی بستیوں میں ’’معمول کی زندگی‘‘ جاری رہے گی۔ حکومتی ترجمان نے مزید کہا کہ بستیوں کی تعمیر روکنے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات کے بعد ہی لیا جاسکتا ہے۔

Nahostgipfel Annapolis
نومبر 2007ء میں اُس وقت کے امریکی صدر جارج بش کی سرپرستی میں اناپولس کانفرنس کی وساطت سے اسرائیل اور فلسطین کے رہنماوٴں کے مابین امن عمل کا دوبارہ آغاز ہوا تھاتصویر: AP

فلسطینی انتظامیہ نے یہودی بستیوں کی تعمیر بند ہونے اور سرحدی گذرگاہوں پر عائد تمام پابندیوں کے خاتمے تک اسرائیل کے ساتھ امن مذاکرات میں حصّہ لینے کے عمل کو فی الحال خارج از امکان قرار دیا ہے۔ امریکہ تاہم یہ چاہے گا کہ فلسطین جلد اسرائیل کے ساتھ امن مذاکرات میں شامل ہوجائے۔

دریں اثناء محمود عباس کے ترجمان ابو ردینا نے کہا ہے کہ امریکہ اور فلسطین کے مابین دو ریاستی حل سے متعلق کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ ترجمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ جلد ہی مشرق وسطیٰ میں قیام امن سے متعلق سفارتی سرگرمیاں تیز ہوجائیں گی۔

Palästinenser Gaza Kämpfe zwischen Fatah und Hamas Stadt
امن عمل کوبڑا دھچکہ گذشتہ برس دسمبر میں اس وقت لگا جب اسرائیل نے غزہ پٹی پر حماس کے مبینہ ٹھکانوں پر فضائی اور زمینی حملے کئے، ان حملوں میں تقریباً تیرہ سو فلسطینی ہلاک اور پانچ ہزار سے زائد زخمی ہوئےتصویر: AP

فلسطینی رہنما محمود عباس منگل کی شب واشنگٹن پہنچے تھے۔ وائٹ ہاوٴس میں صدر اوباما کے ساتھ ملاقات سے قبل عباس نے عالمی بینک کے صدر رابرٹ زولک کے ساتھ بدھ کے روز ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات سے محض ایک روز قبل ورلڈ بینک نے فلسطینی انتظامیہ کے لئے 55 ملین ڈالرز کی اضافی رقم دینے کا اعلان کیا تھا۔

نومبر 2007ء میں اُس وقت کے امریکی صدر جارج بش کی سرپرستی میں اناپولس کانفرنس کی وساطت سے اسرائیل اور فلسطین کے رہنماوٴں کے مابین امن عمل کا دوبارہ آغاز ہوا تھا۔ اس کانفرنس کے بعد محمود عباسں اور سابق اسرائیلی وزیر اعظم ایہود اولمرٹ نے آپس میں کم از کم بیس ملاقاتیں کیں تاہم دو ریاستی حل کے سلسلے میں بات آگے نہیں بڑھ سکی۔

امن عمل کو سب سے بڑا دھچکہ گذشتہ برس دسمبر میں اس وقت لگا جب اسرائیل نے غزہ پٹی پر حماس کے مبینہ ٹھکانوں پر فضائی اور زمینی حملے کئے۔ ان حملوں میں تقریباً تیرہ سو فلسطینی ہلاک اور پانچ ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔ مرنے والوں میں اکثریت عام شہریوں کی تھی۔

غزہ پٹی پر ابھی بھی حماس تحریک کا کنٹرول قائم ہے جبکہ مغربی کنارے میں محمود عباس کی الفتح کا اثر ورسوخ ہے۔