1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما کا صحت سے متعلق اصلاحاتی بل ایوان سے منظور

22 مارچ 2010

امریکی صدر کا تجویز کردہ صحت عامہ سے متعلق اصلاحاتی بل اب سینیٹ کے بعد ایوان نمائندگان سے منظوری حاصل کر گیا ہے۔ امریکی صدر اِس بل کو اپنی حکومتی پالیسی کا اہم حصہ قرار دیتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/MYqW
تصویر: AP

امریکی صدر اوباما اور اُن کی سیاسی جماعت کو امریکی ایوان نمائندگان میں ہیلتھ کیئر بل کی منظوری سے راحت ملی ہے۔امریکی ایوان نمائندگان نے صدر اوباما کے صحت عامہ سے متعلق مجوزہ بل کو منظور کر لیا ہے۔ بل کی حمایت میں 219 ووٹ ڈالے گئے۔ مخالفت میں 212 ووٹ پڑے۔ 34 ڈیمو کریٹس اراکین نے بل کی مخالفت میں ووٹ ڈالا۔

بل کی کامیابی اسی وقت سامنے آ گئی تھی جب ایوان نے بحث کی منظوری کے قوانین کو منظور کیا تھا۔ یہ ہیلتھ بل گزشتہ نو مہینوں سے تنقید اور کئی دوسرے معاملات کے باعث مسائل کا شکار تھا۔ اتوار کے دن اِس اصلاحاتی بل کو آخر کار حتمی منظوری حاصل مل گئی۔ امریکی سینیٹ اِس بل کو پہلے ہی منظور کر چکی ہے۔ صحت سے متعلق امریکی صدر کے اصلاحاتی بل سے حکومت کو بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔

امریکی صدر کو یقین ہے کہ بل کے مندرجات پر عمل درآمد سے امریکی باشندوں کے صحت عامہ سے متعلق کافی مسائل حل ہو جائیں گے۔ امریکی حکومت اِس بل کی مد میں اگلے دس سالوں میں نوسو چالیس ارب ڈالر سے زائد خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اوباما کو یقین ہے کہ وہ لاکھوں افراد جو ہیلتھ انشورنس کے زمرے میں نہیں تھے اُن کو بھی اِس کا فائدہ پہنچے گا۔ اِس طرح پچانوے فی صد امریکی ہیلتھ انشورنس کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔

امریکی ایوان نمائندگان میں ریپبلکن پارٹی کے سینئر رکن جان بوہینر نے ہیلتھ کیئر بل پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اِس کی منظوری امریکہ کو برباد کر دینے کے برابر ہو گی۔ ایسے ہی خیالات کا اظہار ایک اور ریپبلکن رکن لوئی گوہمیرٹ نے کیا۔

Prostete gegen Gesundheitsreform
ہیلتھ کیئر بل کے خلاف مظاہرینتصویر: AP

گزشتہ روز واشنگٹن میں اِس بل کی مخالفت میں ایک اور مظاہرے کا انتظام کیا گیا تھا جس میں بڑے بڑے بینر پر لکھا تھا ’کِل دی بل‘ اِس مظاہرے میں اُن اراکین کو کرپٹ قرار دیا گیا جو بل کے حامی ہیں۔ مظاہرے سے خطاب کرنے والے افراد نے ہیلتھ کیئر بل کے حامی اراکین پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انتہائی سخت الفاظ کا استعمال کیا۔ ری پبلکن پارٹی کا یہ بھی خیال ہے کہ بل کی مخالفت ہی ایوان نمائندگان کے لئے وسطی مدت کے الیکشن میں ان کی کامیابی کا ضامن ہوگا۔

گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں میں امریکی دارالحکومت میں کانگریس کے ایوان نمائندگان کے اراکین اور سینیٹرز کے درمیان مسلسل رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا۔ ملاقاتوں کے سلسلے میں امریکی وزارت صحت اور امریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس بھی ایک اہم مرکز بنا ہوا تھا۔

امریکی ایوان نمائندگان میں ووٹنگ کے رجحان کے بارے میں گزشتہ روز سے ڈیمو کریٹس نے کامیابی کے دعوے کرنے شروع کردیئے تھے۔ اُن کے بقول مطلوبہ ووٹ حاصل ہو چکے ہیں اب منظوری کی رسمی کارروائی باقی بچی ہے۔ بل کے حوالے سے گزشتہ رات امریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس میں بھی سرگرمیاں جاری رہیں اور مانع حمل کے حوالے سے چند ڈیموکریٹس اراکین کے خدشات کے حوالے سے بھی مفاہمت طے پا گئی تھی۔ اِس ڈیل سے ایوان میں مانع حمل کے مخالف لیڈر بارٹ سٹوپاک اور اُن کے چھ حامیوں کی حمایت بھی بل کی منظوری کے لئے حاصل کر لی گئی تھی۔

بل منظور ہو چکا ہے اور اگلے چند دنوں میں اوباما کے دستخطوں سے یہ قانون کی حثیت اختیار کر لے گا۔ ایوان نمائنگان سے منظور ہونے والے بل میں جو ترامیم کی گئی ہیں اُن کی سینیٹ سے سادہ اکثریت سے منظوری بھی لازمی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ