1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اولیویا ڈے ہیویلینڈ 100 برس کی ہو گئیں

افسر اعوان30 جون 2016

1939ء کی کلاسیک فلم ’گون وِد دا وِنڈ‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اولیویا ڈے ہیویلینڈ یکم جولائی کو 100 برس کی ہو رہی ہیں۔ آسکر ایوارڈ یافتہ ہیویلینڈ ہالی وُڈ کے سنہری دور کی آخری حیات اداکارہ ہیں۔

https://p.dw.com/p/1JGm5
اولیویا ڈے ہیویلینڈ
اولیویا ڈے ہیویلینڈتصویر: picture-alliance/dpa/K.Djansezian

گون وِد دا وِنڈ نامی فلم میں اُن کے ساتھ کام کرنے والے تقریباﹰ سبھی ساتھی اداکار انتقال کر چکے ہیں۔ کلارک گیبل، جنہوں نے خوبرو ریٹ بٹلر کا کردار ادا کیا تھا، اب سے 55 برس قبل ہی انتقال کر گئے تھے۔ پرجوش اور زندہ دل اسکارلٹ او ہارا کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ ویوین لائی اُس وقت 53 برس کی تھیں، جب 1967ء میں وہ مردہ پائی گئی تھیں۔ فلم میں اسکارلٹ کے خفیہ محبوب ایشلے ولکس کا کردار ادا کرنے والے لیزلی ہاورڈ دوسری عالمی جنگ کے دوران ہلاک ہو گئے تھے۔

چائلڈ ایکٹر مِکی کُوہن، جنہوں نے فلم میں ایشلے ولکس اور اولیویا ڈے ہیویلینڈ کے نوعمر بیٹے کا کردار ادا کیا تھا، اب 83 برس کے ہیں۔ ہیویلینڈ ابھی تک حیات ہیں اور اپنی 100 ویں سالگرہ جمعہ یکم جولائی کو منا رہی ہیں۔

دو بار آسکر ایوارڈ یافتہ ہیویلینڈ کو آج بھی گون وِد دا وِنڈ کے حوالے سے ہی یاد کیا جاتا ہے اور ہیویلینڈ کا بھی ایک امریکی میگزین ’انٹرٹینمنٹ ویکلی‘ کو دیے جانے والے ایک انٹرویو میں یہی کہنا تھا کہ انہیں یہ پہچان نہ صرف اچھی لگتی ہے بلکہ اس فلم کی یادیں زندہ رکھنے کی وجہ بننے پر وہ خود کو خوش قسمت تصور کرتی ہیں۔

برطانوی امریکی ڈے ہیویلینڈ نے 1995ء میں دوسری شادی فرانسیسی مصنف پیئر گالانٹے سے کی تھی۔ تب وہ ہالی وُڈ چھوڑ کر پیرس منتقل ہو گئی تھیں، جہاں وہ آج بھی اپنا گھر چلاتی ہیں۔

دو بار آسکر ایوارڈ یافتہ ہیویلینڈ کو آج بھی گون وِد دا وِنڈ کے حوالے سے ہی یاد کیا جاتا ہے
دو بار آسکر ایوارڈ یافتہ ہیویلینڈ کو آج بھی گون وِد دا وِنڈ کے حوالے سے ہی یاد کیا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

برطانوی والدین کے ہاں ڈے ہیویلینڈ کی پیدائش ٹوکیو میں ہوئی تھی۔ تاہم وہ ابھی بچی ہی تھیں، جب وہ کیلیفورنیا منتقل ہو گئیں۔ ہالی وُڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز انہوں نے 19 برس کی عمر میں کیا۔ ان کے کیریئر کی یادگار ترین فلم ظاہر ہے گون وِد دا ونڈ ہی ہے جس نے آٹھ آسکر ایوارڈ جیتے تھے اور ریکارڈ بزنس کیا تھا۔ آج بھی اس فلم کو سب سے زیادہ کمانے والی فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔

تاہم ہیویلینڈ کو اس فلم میں ’بہترین معاون اداکارہ‘ کا آسکر ایوارڈ نہ مل سکا بلکہ یہ ایوارڈ ان کی ساتھی اداکارہ ہیٹی میک ڈینیئل کو ملا جو کسی افریقی امریکی کو ملنے والا پہلا اکیڈمی ایوارڈ تھا۔

ڈے ہیویلینڈ نے بعد ازاں بہترین اداکارہ کا آسکر ایوارڈ 1946ء میں ’ٹو اِیچ ہِز اون‘ نامی فلم میں اداکاری پر حاصل کیا جس میں انہوں نے ایک غیر شادی شدہ ماں کا کردار ادا کیا تھا۔ تین برس بعد ہی انہیں ایک بار پھر بہترین اداکارہ کا آسکر ایوارڈ ملا جو انہیں ولیم وائلر کی فلم ’دی ہیئریس‘ میں اداکاری پر دیا گیا۔